سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ بے شک نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک دنیا بڑی میٹھی اور سرسبز ہے اور بے شک ا اللہ تعالیٰ ٰ تمہیں اس میں جانشین بنا کر دیکھے گا کہ تم کیسے عمل کرتے ہو، لہٰذا دنیا سے بچو اور عورتوں سے بچو اور ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنے سے افضل کوئی کلمہ نہیں۔“[مسند الشهاب/حدیث: 1141]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه ابن ماجه: 4000، والترمذي: 2191، وابويعلي: 1101» علی بن زید ضعیف ہے۔
سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں عصر کی نماز پڑھائی پھر آپ خطبہ کے لیے کھڑے ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے خطبہ میں فرمایا: ”سنو! بے شک دنیا بڑی میٹھی اور سرسبز ہے اور بے شک اللہ تمہیں اس میں جانشین بنا کر دیکھے گا کہ تم کیسے عمل کرتے ہو۔“ اسے مسلم بن حجاج نے بھی اپنی سند کے ساتھ روایت کیا ہے [مسند الشهاب/حدیث: 1142]
تخریج الحدیث: «صحيح، وأخرجه مسلم فى «صحيحه» برقم: 2742، وابن حبان: 3221، والحاكم فى «مستدركه» برقم: 1339، 1340، 8638، وأبو داود فى «سننه» برقم: 3158، 4344، والترمذي فى «جامعه» برقم: 991، 992، 2174، 2191، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 2873، 4000، 4007، 4011، والحميدي فى «مسنده» برقم: 769،والطبراني فى «الصغير» برقم: 312، 729، وأحمد فى «مسنده» برقم: 11173»
سیدہ خولہ بنت قیس رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ بے شک نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ نے دنیا کے بارے میں گفتگو کی تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک دنیا بڑی میٹھی اور سرسبز ہے پس جس نے اسے اپنی ضرورت کے مطابق لیا اس کے لیے اس میں برکت ڈال دی جائے گی۔“[مسند الشهاب/حدیث: 1143]
تخریج الحدیث: «صحيح، وأخرجه الترمذي فى «جامعه» برقم: 2374، والحميدي فى «مسنده» برقم: 363، وأحمد فى «مسنده» برقم: 27696»
سیدہ عمره بنت حارث بن ابی ضرار رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک دنیا بڑی سرسبز اور میٹھی ہے پس جس کو اس کی حلال چیز میں سے کچھ مل گیا تو یہی وہ چیز ہے جس میں اسے برکت دی جائے گی اور کتنے ہی ایسے لوگ ہیں جو اللہ عزوجل اور اس کے رسول کے مال میں (بے جا اور فضول) تصرف کرتے ہیں، قیامت کے دن ان کے لیے آگ ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 1144]
وضاحت: تشریح: - جس طرح تر و تازہ پھل ذائقے میں میٹھا اور دیکھنے میں خوش رنگ اور دلوں کو لبھانے والا ہوتا ہے یہی حال دنیا کے مال و اسباب کا ہے انسان کو یہ بہت مرغوب ہیں اور ان کے دل ان کی طرف کھینچتے ہیں اور دنیا کا سب سے لذیذ ترین پھل عورت ہے جو خطرناک ترین بھی ہے جو شخص احکام شریعت سے بے پروا ہو کر دنیا کا طالب اور عورت کی طرف مائل ہوگا سمجھ لو کہ اس کا دین ایمان خطرے میں ہے اور جو شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے ان سے استفادہ واستمتاع کرے گا وہ ان کی حشر سامانیوں اور غارت گری سے محفوظ رہے گا۔“(ریاض الصالحین: 1، 108)