364. جس پر کوئی فاقہ اترا پھر اس نے اسے لوگوں پر پیش کیا تو اس کا فاقہ کبھی دور نہ ہوگا اور اگراس نے اسے اللہ پر پیش کیا تو عنقریب اللہ اسے بے نیاز کر دے گا۔ یا تو جلد ہی (اسے) کوئی سرمایہ مل جائے گا اور یاجلد ہی وہ بے نیاز ہو جائے گا
سیدنا عبد الله بن مسعود رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس پر کوئی فاقہ اترا پھر اس نے اسے لوگوں پر پیش کیا تو اس کا فاقہ کبھی دور نہ ہوگا اور اگراس نے اسے اللہ پر پیش کیا تو عنقریب اللہ اسے بے نیاز کر دے گا۔ یا تو جلد ہی (اسے) کوئی سرمایہ مل جائے گا اور یاجلد ہی وہ بے نیاز ہو جائے گا۔“[مسند الشهاب/حدیث: 544]
تخریج الحدیث: «إسناده حسن، وأخرجه الحاكم فى «مستدركه» برقم: 1487، وأبو داود فى «سننه» برقم: 1645، والترمذي فى «جامعه» برقم: 2326، والبيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 7964، وأحمد فى «مسنده» برقم: 3771»
وضاحت: تشریح: - اس حدیث میں اس بات کی ترغیب دلائی گئی ہے کہ حاجت وضرورت کے وقت انسانوں کے بجائے اللہ تعالیٰ ٰ کی طرف رجوع کیا جائے کیونکہ وہی حاجتیں پوری کرنے والا ہے، ہاں ظاہری اسباب کے مطابق حسب ضرورت بندوں سے بھی مانگا جا سکتا ہے لیکن اس وقت بھی اعتقاد یہی ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ٰ کی مشیت ہوگی تو بندہ آمادہ تعاون ہوگا ورنہ نہیں۔ [رياض الصالحين: 473/1]