مسند الشهاب
احادیث201 سے 400
163. الْإِمَامُ ضَامِنٌ وَالْمُؤَذِّنُ مُؤْتَمَنٌ
163. امام ذمہ دار ہے اور مؤذن امانت دار ہے
حدیث نمبر: 234
234 - أَخْبَرَنَا أَبُو مُحَمَّدٍ عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عُمَرَ التُّجِيبِيُّ، ثنا أَحْمَدُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ زِيَادٍ، ثنا إِبْرَاهِيمُ بْنُ الْهَيْثَمِ الْبَلَدِيُّ، ثنا مُوسَى بْنُ دَاوُدَ، ثنا زُهَيْرٌ، عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «الْإِمَامُ ضَامِنٌ وَالْمُؤَذِّنُ مُؤْتَمَنٌ، اللَّهُمَّ أَرْشِدِ الْأَئِمَّةَ، وَاغْفِرْ لِلْمُؤَذِّنِينَ»
یدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: امام (نماز) کا ذمہ دار ہے اور موذن (وقت نماز کا) امانت دار ہے۔ اے اللہ! آئمہ کو ہدایت فرما اور موذنوں کو بخش دے۔ [مسند الشهاب/حدیث: 234]
تخریج الحدیث: «إسناده حسن، وأخرجه أبو داود: 517، وترمذي: 207، وأحمد:561/2»

وضاحت: تشریح:
اس حدیث مبارک میں امام اور مؤذن کی ذمہ داری اور ان کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کا ذکر ہے۔ امام اور موذن کی ذمہ داری بیان کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ امام (نماز کا) ذمہ دار ہے۔ یعنی وہ اپنے مقتدیوں کی نماز مکمل کرانے کا ذمہ دار ہے۔ اس کی یہ ذمہ داری ہے کہ طہارت و پاکیزگی کا خیال رکھے، نماز وقت پر پڑھائے، مقتدیوں کی صفیں درست کرائے، نماز کے شروط و آداب کا اچھی طرح خیال رکھے، نماز سنت کے مطابق پڑھائے، دعا کرتے وقت اپنے مقتدیوں کو بھی اس میں شامل کرے اور نماز پڑھاتے وقت اپنے مقتدیوں کا خیال رکھے۔ پھر فرمایا کہ مؤذن امانت دار ہے۔ امین اس شخص کو کہا: جاتا ہے جس پر لوگ اعتماد کریں۔ مؤذن کو امانت دار اس لیے کہا گیا ہے کہ لوگ نماز پڑھنے سحری و افطاری کرنے اور دیگر موقتہ وظائف کے لیے اس کی آواز پر اعتماد کرتے ہیں، لہٰذا اس کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرے۔
امام اور موذن کے لیے دعا فرمائی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ ٰ آئمہ کرام کو ہدایت سے نوازے، صراط مستقیم کی طرف ان کی راہنمائی فرمائے، وہ نماز جیسا اہم فریضہ خود بھی سنت کے مطابق پڑھیں اور دوسروں کو بھی سنت کے مطابق پڑھائیں کیونکہ مقتدیوں کے لیے وہ پیشوا ہیں اور ان کی نمازوں سے بہت سی نمازیں وابستہ ہیں۔ مؤذنوں کی بخشش کے لیے یہ دعا فرمائی کہ جو ان سے کوئی کمی و بیشی ہو جائے، اذان کے وقت میں اگر وہ دھوکا کھا جائیں تو یا اللہ! انہیں معاف کر دے۔