رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ کی قسم! بے شک میں اللہ تعالیٰ سے ایک دن میں ستر (70) مرتبہ سے زیادہ معافی مانگتا ہوں اور اس سے توبہ کرتا ہوں۔“[صحيح بخاري: 6307] [مختصر حصن المسلم/متفرق/حدیث: 258]
حدیث نمبر: 259
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لوگو! اللہ کی طرف توبہ کرو کیونکہ میں اللہ تعالیٰ سے ایک دن میں سو (100) مرتبہ توبہ کرتا ہوں۔“[صحيح مسلم: 2702] [مختصر حصن المسلم/متفرق/حدیث: 259]
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے کہا: ”میں اللہ سے بخشش طلب کرتا ہوں جس کے علاوہ کوئی سچا معبود نہیں، وہ ہمیشہ زندہ رہنے والا ہے، قائم رکھنے والا ہے اور میں اسی کی طرف توبہ کرتا ہوں۔ تو اللہ تعالیٰ اسے بخش دیں گے چاہے وہ میدان جہاد سے بھاگا ہو۔“[حسن، سنن ابي داؤد: 1517، سنن ترمذي: 3577، المستدرك للحاكم: 511/1ح1884] [مختصر حصن المسلم/متفرق/حدیث: 260]
حدیث نمبر: 261
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ بندے کے سب سے زیادہ قریب رات کے آخری پہر میں ہوتا ہے، اگر ان لوگوں میں شامل ہونے کی استطاعت رکھو جو اس وقت اللہ کو یاد کرتے ہیں تو ان میں شامل ہو جاؤ۔“[اسناده صحيح، سنن ترمذي: 3579، وقال:“ حسن غريب] [مختصر حصن المسلم/متفرق/حدیث: 261]
حدیث نمبر: 262
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بندہ سجدے کی حالت میں اپنے رب کے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے، اس لئے تم سجدہ میں بہت زیادہ دعا کرو۔“[صحيح مسلم: 482] [مختصر حصن المسلم/متفرق/حدیث: 262]
حدیث نمبر: 263
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میرے دل پر کبھی سستی کا پردہ آ جاتا ہے، میں اللہ تعالیٰ سے ایک دن میں سو مرتبہ بخشش طلب کرتا ہوں۔“[صحيح مسلم: 2702] [مختصر حصن المسلم/متفرق/حدیث: 263]