سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کوئی شخص اپنے وظیفے کو یا اس میں سے کسی چیز کو چھوڑ کر سو گیا اور اس کو فجر اور ظہر کے درمیان پڑھ لیا تو اس کے لئے ایسا ہی لکھ دیا جاتا ہے گویا اس نے رات میں ہی پڑھا ہے۔“[سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1516]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده ضعيف ولكن الحديث صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1518] » اس روایت کی سند ضعیف ہے، لیکن دوسری سند سے حدیث صحیح ہے۔ دیکھئے: [مسلم 747] ، [أبوداؤد 1313] ، [ترمذي 581] ، [نسائي 1789] ، [ابن ماجه 1343] ، [أحمد 32/1] ، [أبويعلی 235] ، [ابن حبان 2643] ، [ابن خزيمة 1171، وغيرهم]
وضاحت: (تشریح حدیث 1515) ابوداؤد کی روایت میں ہے: اس کو ثواب رات میں ہی پڑھنے کا لکھ دیا جاتا ہے اور اس کا سونا (نیند) اس کے اوپر صدقہ ہوتا ہے۔ یہ الله تعالیٰ کی رحمت و مہربانی ہے کہ بندہ اگر رات میں اٹھ کر نماز کی نیّت کر کے سویا تو سونے کے باوجود اس کو رات میں ہی عبادت کرنے کا ثواب اور سونے کا بھی اجر ملتا ہے (سبحان الله العظيم)، نیز یہ کہ جو شخص تہجد پڑھتا ہو اور کبھی کبھار نہ اٹھ سکے، سوتا رہ جائے تو ظہر سے پہلے اس کو تہجد کی نماز پڑھ لینی چاہیئے، البتہ گیارہ رکعت کے بجائے بارہ رکعت نماز پڑھے کیونکہ وتر رات کی نماز ہے اور جیسا کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے جس کا ذکر ابھی گذر چکا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تہجد چھوٹ جانے پر دن میں ظہر سے پہلے 12 رکعت پڑھ لیتے تھے۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ ہر رات اس وقت آسمان دنیا پر اترتا ہے جب رات کا آخری نصف حصہ باقی رہ جاتا ہے، یا جب رات کا آخری تہائی حصہ باقی رہ جاتا ہے اور فرماتا ہے: کون ہے مجھ سے دعا کرنے والا کہ میں اس کی دعا قبول کر لوں؟ کون ہے مجھ سے مانگنے والا کہ میں اسے عطا کردوں؟ کون ہے مجھ سے بخشش طلب کرنے والا کہ میں اس کو بخش دوں؟ یہاں تک کہ فجر ہو جائے، یا پڑھنے والا نماز فجر سے فارغ ہو جائے (یعنی اس وقت تک یہ پکار ہوتی رہتی ہے)۔“[سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1517]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده حسن ولكن الحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 1519] » اس روایت کی یہ سند حسن ہے، لیکن حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 1145] ، [مسلم 758] ، [أبوداؤد 1315] ، [ترمذي 3498] ، [أبويعلی 1180، 5936] ، [ابن حبان 919، 920] ، [الشريعة للآجري 73-75] ، [الأسماء و الصفات للبيهقي ص: 449]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہمارا پروردگار جس کا نام بابرکت ہے، ہر رات اس وقت آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے جب کہ رات کا آخری تہائی حصہ باقی رہ جاتا ہے، وہ فرماتا ہے: جو کوئی مجھ سے دعا کرے گا میں اس کی دعا قبول کر لوں گا، جو کوئی مجھ سے مغفرت طلب کرے گا میں اسے معاف کر دوں گا، اور جو مجھ سے مانگے گا میں اس کی جھولی بھر دوں گا، (صبح) فجر تک یہ منادی ہوتی رہتی ہے۔“[سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1518]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1520] » اس حدیث کی سند صحیح ہے۔ حوالے اوپر درج کئے جا چکے ہیں۔ مزید دیکھئے: [التوحيد لابن خزيمة 301/1، 192 بهذا السند]
سیدنا جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تبارک تعالیٰ ہر رات آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے اور کہتا ہے: ہے کوئی مانگنے والا کہ میں اسے مالا مال کر دوں؟ ہے کوئی مغفرت طلب کرنے والا کہ میں اس کو بخش دوں؟“[سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1519]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1521] » اس حدیث کی سند بھی صحیح ہے۔ دیکھئے: [مسند ابي يعلی 7408، 7409] ، [الشريعة للأجرى ص: 277] ، [السنة لابن ابي عاصم 507] ، [بيهقي فى الأسماء و الصفات 451]
سیدنا رفاعہ بن عرابہ جہنی رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب رات کا نصف یا دو تہائی حصہ گزر جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ آسمان دنیا پر آتا ہے اور طلوع فجر تک اعلان فرماتا ہے: میں اپنے بندوں کے بارے میں کسی سے نہ پوچھوں گا، کون ہے جو مجھ سے مانگے میں اسے عطا کر دوں؟ کون ہے جو مجھ سے بخشش طلب کرے اور میں اسے بخش دوں؟ کون ہے جو مجھ سے دعا کرے اور میں اس کی دعا قبول کر لوں۔“[سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1520]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1522] » اس روایت کی یہ سند صحیح ہے۔ ابوالمغیرہ کا نام عبدالقدوس بن حجاج ہے۔ دیکھئے: [أحمد 16/4] ، [ابن ماجه 1367، وغيرهما]
سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب رات کا تہائی یا نصف حصہ ہوتا ہے۔۔۔“ اور نزول کی مذکورہ بالا حدیث بیان کی۔ [سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1522]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده ضعيف فيه علتان: ضعف محمد بن حميد وعنعنه ابن اسحاق، [مكتبه الشامله نمبر: 1524] » اس روایت کی سند میں محمد بن حمید ضعیف اور ابن اسحاق کا عنعنہ بھی ہے اور ابراہیم بن المختار میں بھی کلام ہے، لیکن یہ حدیث صحیح سند سے آگے آرہی ہے۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ فرماتے تھے: ”اگر میں اپنی امت پر مشقت محسوس نہ کرتا تو ان کو ہر نماز کے وقت مسواک کرنے کا حکم دیتا اور عشاء کی نماز میں تہائی رات تک تاخیر کرتا، کیونکہ جب رات کا پہلا تہائی حصہ گزر جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ آسمان دنیا پر آتا ہے اور طلوع فجر تک وہاں رہتا ہے، اور فرشتہ منادی کرتا ہے: کیا کوئی مانگنے والا نہیں جسے دیا جائے، کیا کوئی دعا کرنے والا نہیں کہ دعا قبول کی جائے، کیا کوئی بیمار نہیں جس کو شفا دی جائے، کیا کوئی ایسا گناہ کرنے والا نہیں جو مغفرت طلب کرے اور اسے بخش دیا جائے؟“[سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1523]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1525] » اس روایت کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [أبويعلی 6576] ، اسی طرح آنے والی حدیث کی سند ہے۔
اس سند سے بھی مذکورہ بالا حدیث سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت کے مثل مروی ہے۔ [سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1524]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده جيد، [مكتبه الشامله نمبر: 1526] » تخریج کے لئے [مسند ابي يعلي 6576] دیکھئے۔
وضاحت: (تشریح احادیث 1516 سے 1524) ان تمام احادیثِ صحیحہ سے الله تعالیٰ کا آسمانِ دنیا پر آنا اور منادی کرنا ثابت ہوا جو بلا تکییف و تمثیل صحیح اور ثابت ہے، عقل کا اس میں کوئی دخل نہیں اور نہ اس کی مخلوق سے تشبیہ جائز ہے۔ اہلِ حدیث اور سلف صالحین کا یہی عقیدہ ہے جس طرح ان کا عقیدہ رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مستوی عرش ہے اور اس کی رحمت و علم ساری کائنات کو محیط ہے۔ اللہ تعالیٰ کے آسمانِ دنیا پر آنے کا ذکر 7 آیاتِ شریفہ اور 15 احادیثِ مبارکہ صحیحہ سے ثابت ہے اس لئے یہ تاویل کرنا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت اترتی ہے یا یہ کہ فرشتہ اترتا ہے بالکل لغو اور باطل ہے جس کی تفصیل علامہ ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی کتاب «نزول الرّب إلى السماء الدنيا» میں دیکھی جا سکتی ہے، بعض میں اوّل اللیل میں، اور بعض میں بیچ رات میں، اور کچھ احادیث میں آخری تہائی رات میں اللہ تعالیٰ کا آسمانِ دنیا پر آنا ذکر ہے، تو ہو سکتا ہے کبھی رات کے پہلے تہائی حصہ میں اور کبھی بیچ رات میں اور کبھی آخری تہائی حصے میں نزول جلّ شانہ ہو، اسی لئے کبھی کبھی حبیبِ الٰہی محمد صلی اللہ علیہ وسلم اوّل حصے میں اور کبھی بیچ میں اور کبھی آخری تہائی میں وتر پڑھتے تھے اور آخری تہائی حصے ہی سے فجر سے پہلے تہجد پڑھنے کی فضیلت معلوم ہوئی کہ رب ذو الجلال کا نزولِ مبارک اس ساعت میں آسمانِ دنیا پر ہوتا ہے۔ (اللہ تعالیٰ اس کی تو فیق بخشے، آمین)۔