سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مجھے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث کے بارے میں پتہ چلا کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے کسی صحابی کے پاس ہے، تو میں نے ایک اونٹ خریدا۔ اور اپنی سواری پر ایک مہینے کا سفر طے کر کے ان کے پاس شام پہنچا۔ پتہ چلا تو وہ صحابی سیدنا عبداللہ بن انیس رضی اللہ عنہ تھے۔ میں نے پیغام بھیجا کہ جابر تمہارے دروازے پر آیا ہے۔ قاصد واپس آیا تو اس نے کہا: جابر بن عبداللہ؟ میں نے کہا: ہاں۔ سیدنا عبداللہ بن انیس رضی اللہ عنہ باہر نکلے اور مجھے گلے لگا لیا۔ میں نے کہا: مجھے ایک حدیث کا پتہ چلا ہے جو میں نے نہیں سنی، مجھے خدشہ گزرا کہ آپ کو یا مجھے موت آجائے اور میں براہِ راست نہ سن سکوں۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”الله تعالیٰٰ لوگوں کو اس طرح جمع فرمائے گا کہ وہ ننگے جسم ہوں گے، بغیر ختنوں کے ہوں گے اور بہم ہوں گے۔“ میں نے عرض کیا: بہم کا کیا مطلب ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ان کے پاس کوئی چیز نہیں ہوگی، پھر اللہ تعالیٰٰ انہیں آواز دے گا جو ہر دور نزدیک والا اس کو برابر سنے گا: میں ہی بادشاہ ہوں۔ کوئی جنتی جنت میں داخل نہ ہوگا جب تک کہ اس پر کسی جہنمی کا کوئی حق باقی ہے، اور کوئی دوزخی اس وقت تک دوزخ میں داخل نہیں ہوگا جب تک اس پر کسی جنتی کا حق ہے۔“ میں نے عرض کیا: حقوق کی ادائیگی کیسے ہوگی جبکہ ہم اللہ تعالیٰٰ کے پاس کپڑوں سے ننگے ہوں گے اور اس کے علاوہ بھی کوئی چیز نہ ہوگی؟ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نیکیوں اور برائیوں سے لین دین ہوگا۔“[الادب المفرد/كِتَابُ السَّلامِ/حدیث: 970]