17. سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی والدہ، سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1677
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کسی عورت کے گھر میں نہیں جاتے تھے سوا اپنے ازواج کے یا ام سلیم کے (جو سیدنا انس رضی اللہ عنہ کی والدہ اور سیدنا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کی بیوی تھیں)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ام سلیم کے پاس جایا کرتے تھے۔ لوگوں نے اس کی وجہ پوچھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مجھے اس پر بہت رحم آتا ہے، اس کا بھائی میرے ساتھ مارا گیا۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1677]
حدیث نمبر: 1678
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں جنت میں گیا، وہاں میں نے (کسی کے چلنے کی) آہٹ پائی تو میں نے پوچھا کہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا کہ غمیصا بنت ملحان (ام سلیم کا نام غمیصا یا رمیصا تھا) انس بن مالک کی والدہ ہیں۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1678]