18. تہلیل (یعنی لا الہٰ الا اللہ ....) کہنے کی فضیلت۔
حدیث نمبر: 2086
سیدنا ابوایوب انصاری اور ابن مسعود رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے مندرجہ بالا کلمہ (تہلیل لا الہٰ الا اللہ ....) دس مرتبہ پڑھا، اس کو اتنا ثواب ملے گا جیسے اس نے اسماعیل (علیہ السلام) کی اولاد سے ایک غلام آزاد کیا۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2086]
حدیث نمبر: 2087
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے دن میں سو مرتبہ ”((لا الہٰ الا اللہ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمہ وھو علٰی کلّ شیٍی قدیر))“ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشادہی ہے، اور اسی کے لیے تمام تعریفات ہیں اور وہی ہر چیز پر قادر ہے۔“ پڑھا، اسے دس غلام آزاد کرنے کا ثواب ہو گا اور اس کے نامہ اعمال میں سو نیکیاں لکھی جائیں گی اور سو گناہ مٹا دیے جائیں گے اور اس روز شام تک شیطان سے امن میں رہے گا اور اس سے بہتر کوئی شخص نہ ہو گا لیکن جس نے اس سے بھی زیادہ اسے پڑھا ہو۔ ‘ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2087]