12. اے پیغمبر! آپ کے اختیار میں کچھ نہیں، اللہ تعالیٰ چاہے تو ان کی توبہ قبول کرے یا عذاب دے کیونکہ وہ ظالم ہیں“۔ (سورۃ آل عمران: 128)
حدیث نمبر: 1621
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سرمبارک احد کے دن زخمی ہو گیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بھلا وہ قوم کیسے فلاح پائے گی جس نے اپنے پیغمبر کو زخمی کیا“ تو یہ آیت اتری ”اے پیغمبر! آپ کے اختیار میں کچھ نہیں۔“(سورۃ آل عمران: 128)[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1621]
حدیث نمبر: 1622
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی نماز میں آخری رکعت میں رکوع کے بعد یوں دعا کرتے تھے ”اے اللہ! فلاں اور فلاں اور فلاں پر لعنت فرما۔“ اس وقت اللہ نے یہ آیت اتاری:“ اے پیغمبر! آپ کے اختیار میں کچھ نہیں، اللہ تعالیٰ چاہے تو ان کی توبہ قبول کرے یا عذاب دے کیونکہ وہ ظالم ہیں۔“(سورۃ آل عمران: 128)[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1622]