1952. سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کو بیش قیمت نبوی نصائح
حدیث نمبر: 2879
-" يا عقبة بن عامر! صل من قطعك وأعط من حرمك واعف عمن ظلمك".
فروہ بن مجاہد لخمی، سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں، وہ کہتے ہیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ملا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے فرمایا: ”عقبہ بن عامر! اس آدمی سے صلہ رحمی سے پیش آیا کر جو تجھ سے قطح رحمی کرے، اس آدمی کو دیا کر جو تجھے محروم رکھے اور اس کو معاف کر دیا کر جو تجھ پر ظلم کرے۔“(میں چلا گیا) اور جب بعد میں آیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عقبہ بن عامر! اپنی زبان کو قابو میں رکھو، تمہارا گھر تمہیں اپنے اندر سما لے ( یعنی بلا ضرورت گھر سے نہ نکلو) اور اپنی غلطیوں پر رویا کرو۔“( میں چلا گیا اور) جب تیسری دفعہ آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عقبہ بن عامر! کیا میں تجھے ایسی سورتیں نہ سکھاؤں جن کی مثل نہ تورات میں نازل ہوئی، نہ زبور میں، نہ انجیل میں اور نہ قرآن مجید (کے بقیہ حصے) میں؟ ہر رات کو ان سورتوں کی تلاوت کیا کر «قل هو الله احد»، «قل اعوذ برب الفلق» اور «قل اعوذ برب الناس»“ سیدنا عقبہ کہتے ہیں کہ میں ہر رات کو ان سورتوں کی تلاوت کرتا ہوں اور حق بھی یہی ہے کہ میں انہیں ترک نہ کروں، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے حکم دیا ہے، فروہ بن مجاہد جب یہ حدیث بیان کرتے تو کہتے: کتنے ہی لوگ ہیں جو نہ اپنی زبانوں پر کنٹرول کرتے ہیں، نہ اپنی خطاؤں پر روتے ہیں اور نہ ان کے گھر ان کو سموئے رکھتے ہیں۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2879]