302. مرد و زن دونوں کو احتلام ہو سکتا ہے، جب تک انزال نہ ہو صرف خواب سے غسل واجب نہیں ہوتا
حدیث نمبر: 452
-" ليس عليها غسل حتى تنزل، كما أنه ليس على الرجل غسل حتى ينزل".
سیدہ خولہ بنت حکیم رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس عورت کے بارے میں دریافت کیا، جو مرد کے (خواب) کی طرح خواب دیکھتی ہے کہ (اسے احتلام ہو گیا ہے)؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس پر غسل کا کوئی حکم نہیں لگایا جا سکتا، جب تک انزال نہ ہو، جیسا کہ مرد پر غسل فرض نہیں ہوتا، جب تک انزال نہ ہو۔“[سلسله احاديث صحيحه/الطهارة والوضوء/حدیث: 452]
سلسله احاديث صحيحه ترقیم البانی: 2187
حدیث نمبر: 453
-" إذا رأت ذلك فأنزلت فعليها الغسل".
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس عورت کے بارے میں سوال کیا، جو مرد کے (خواب) کی طرح خواب دیکھتی ہے (کہ اسے احتلام ہوا ہے)؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب وہ (نشانات سے اندازہ لگا لے) کہ اسے انزال ہوا ہے تو اس پر غسل (جنابت) کرنا فرض ہے۔“ سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے کہا: کیا اس طرح بھی ہوتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں، مرد (کی منی) کا پانی گاڑھا اور سفید ہوتا ہے، جبکہ عورت (کی منی) کا پانی زرد اور پتلا ہوتا ہے، (جماع کے وقت) جس کا (مادہ منویہ) سبقت لے جائے اور غالب آ جائے، بچے کی مشابہت اس سے ہو جاتی ہے۔“[سلسله احاديث صحيحه/الطهارة والوضوء/حدیث: 453]