1. باب مَا جَاءَ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي مَنْعِ الزَّكَاةِ مِنَ التَّشْدِيدِ
1. باب: زکاۃ نہ نکالنے پر وارد وعید کا بیان۔
ابوذر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، آپ کعبہ کے سائے میں بیٹھے تھے آپ نے مجھے آتا دیکھا تو فرمایا:
”رب کعبہ کی قسم! قیامت کے دن یہی لوگ خسارے میں ہوں گے
“ ۲؎ میں نے اپنے جی میں کہا: شاید کوئی چیز میرے بارے میں نازل کی گئی ہو۔ میں نے عرض کیا: کون لوگ؟ میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں؟ تو رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”یہی لوگ جو بہت مال والے ہیں سوائے ان لوگوں کے جو ایسا ایسا کرے، آپ نے اپنے دونوں ہاتھ سے لپ بھر کر اپنے سامنے اور اپنے دائیں اور اپنے بائیں طرف اشارہ کیا، پھر فرمایا:
”قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، جو بھی آدمی اونٹ اور گائے چھوڑ کر مرا اور اس نے اس کی زکاۃ ادا نہیں کی تو قیامت کے دن وہ اس سے زیادہ بھاری اور موٹے ہو کر آئیں گے جتنا وہ تھے
۳؎ اور اسے اپنی کھروں سے روندیں گے، اور اپنی سینگوں سے ماریں گے، جب ان کا آخری جانور بھی گزر چکے گا تو پھر پہلا لوٹا دیا جائے گا
۴؎ یہاں تک کہ لوگوں کے درمیان فیصلہ کر دیا جائے۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- ابوذر رضی الله عنہ کی حدیث حسن صحیح ہے،
۲- اس باب میں ابوہریرہ رضی الله عنہ سے بھی اسی کے مثل روایت ہے،
۳- علی رضی الله عنہ سے مروی ہے کہ زکاۃ روک لینے والے پر لعنت کی گئی ہے
۵؎،
۴- (یہ حدیث) قبیصہ بن ہلب نے اپنے والد ہلب سے روایت کی ہے، نیز جابر بن عبداللہ اور عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں۔
۵- ضحاک بن مزاحم کہتے ہیں کہ
«الأكثرون» سے مراد وہ لوگ ہیں جن کے پاس دس ہزار
(درہم یا دینار) ہوں۔
[سنن ترمذي/كتاب الزكاة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 617]