ام قیس بنت محصن رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے حیض کا خون کپڑے میں لگ جانے کے بارے میں پوچھا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اسے لکڑی سے کھرچ دو، اور پانی اور بیر کے پتے سے دھو لو“۔ [سنن نسائي/ذكر ما يوجب الغسل وما لا يوجبه/حدیث: 293]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «سنن ابی داود/الطھارة 132 (363)، سنن ابن ماجہ/فیہ 118 (628)، (تحفة الأشراف: 18344)، مسند احمد 6/355، 356، سنن الدارمی/الطھارة 105 (1059)، ویأتي عند المؤلف في الحیض 26 (برقم: 395) (صحیح)»
فاطمہ بنت منذر اسماء بنت ابوبکر رضی اللہ عنہم سے روایت کرتی ہیں (وہ ان کی گود میں پلی تھیں) کہ ایک عورت نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے کپڑے میں حیض کا خون لگ جانے کے متعلق پوچھا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اسے کھرچ دو، پھر پانی ڈال کر انگلیوں سے رگڑو، پھر اسے دھو لو، اور اس میں نماز پڑھ لو“۔ [سنن نسائي/ذكر ما يوجب الغسل وما لا يوجبه/حدیث: 294]