امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اگر مضارب نے اسباب خریدا اور رب المال نے کہا کہ اس کو بیچ ڈال، مضارب نے کہا کہ اس کو ابھی بیچنا مناسب نہیں ہے، تو اور تجارت پیشہ سے جو اس امر میں مہارت رکھتے ہوں پوچھیں گے، اگر وہ بیچنے کی رائے دیں گے تو بیچ ڈالیں گے، ورنہ انتظار کریں گے۔ امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اگر مضارب نے مالِ مضاربت میں تجارت شروع کی، پھر رب المال نے اپنا مال مانگا، اس نے کہا: میرے پاس پورا مال موجود ہے، جب وہ لینے گیا تو مضارب نے کہا: کچھ مال میرے پاس تلف ہو گیا، پہلے میں نے اس واسطے کہہ دیا تھا کہ تو اپنے مال کو میرے پاس رہنے دے، تو مضارب کے اس قول کا اعتبار نہ ہوگا، مگر جب وہ دلیل قائم کرے۔ امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا: اسی طرح اگر مضارب بولا: میں نے اتنا نفع کمایا ہے، جب مالک نے مال اور نفع طلب کیا تو کہنے لگا: نفع نہیں ہوا، اس کی بات کااعتبار نہ ہوگا جب تک دلیل نہ لائے۔ امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اگر مضارب نے نفع کمایا، پھر رب المال کہنے لگا کہ دو حصّے نفع کے میرے لیے ٹھرے تھے اور ایک حصّہ تیرے لیے، اور مضارب نے کہا: میرے لیے دو حصّے ٹھہرے تھے اور ایک حصّہ تیرے لیے، تو مضارب کا قول قسم سے قبول ہوگا، مگر جب دستور کے خلاف ہو تو رواج کے مطابق حکم ہوگا۔ امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ زید نے عمرو کو سو دینار مضاربت کے طور پر دیئے، عمرو نے اس کے عوض میں اسباب خریدا، جب بائع کو دینے لگا تو معلوم ہوا وہ سو دینا چوری ہو گئے، اب رب المال کہتا ہے: تو اس مال کو بیچ، اگر اس میں نفع ہوا تو میرا ہے، اور نقصان ہوا تو تجھ پر ہے، کیونکہ تو نے میرا مال تلف کیا۔ مضارب کہتا ہے کہ تو اپنے پاس سے اس اسباب کی قیمت دے، کیونکہ میں نے اس کو تیرے مال کے بدلے میں خریدا ہے، تو مضارب کو حکم ہوگا اس اسباب کی قیمت بائع کو ادا کرے، اور رب المال سے کہا جائے گا اگر تیرا جی چاہے تو سو دینار مضارب کو پھر دے تاکہ مضاربت بحال رہے، نہیں تو اس اسباب سے تجھ کو کچھ تعلق نہ ہوگا، اگر رب المال نے سو دینار پھر دیئے تو مضاربت اپنے حال پر قائم رہے گی، ورنہ وہ اسباب مضارب کا ہو جائے گا۔ امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ جب رب المال اور مضارب الگ ہو جائیں (یعنی معاملہ مضارت ختم ہو جائے) لیکن مضارب کے پاس مالِ مضاربت میں سے کوئی پھٹی پرانی مشک یا پھٹا پرانا کپڑا وغیرہ رہ جائے، اگر وہ شئے کم قیمت حقیر ہے تو مضارب کی ہی ہو جائے گی، اس کے پھیرنے کا حکم نہ ہوگا، اگر وہ شئے قیمت دار ہو جیسے کوئی جانور یا اُونٹ یاعمدہ کپڑا یمن کا، تو اس کا پھیرنا ضروری ہے، مگر جب رب المال سے معاف کرا لے۔ [موطا امام مالك رواية يحييٰ/كِتَابُ الْقِرَاضِ/حدیث: 1401Q38]