822-نافع بن جبیر بیان کرتے ہیں۔ سیدنا معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہ نے سیدنا جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کو ایک جنگی مہم کا سپہ سالار مقرر کیا۔ راستے میں انہیں شدید سردی لاحق ہوئی تو سیدنا جریر رضی اللہ عنہ انہیں لے کر واپس آگئے۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے دریافت کیا: آپ انہیں لے کر واپس کیوں آئے ہیں؟ تو سیدنا جریر رضی اللہ عنہ بولے: میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کویہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے: ”جو شخص لوگوں پر رحم نہیں کرتا اللہ تعالیٰ اس پر رحم نہیں کرتا۔“ تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے دریافت کیا: آپ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبانی یہ بات سنی ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا: ”جی ہاں۔“