ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک اعرابی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے عرض کیا: میری بیوی نے ایک سیاہ بچے کو جنم دیا ہے، میں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”کیا تیرے پاس کچھ اونٹ ہیں؟“ اس نے عرض کیا: ہاں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”ان کے رنگ کیسے ہیں؟“ اس نے عرض کیا: سرخ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”کیا اِن میں کوئی خاکی رنگ کا بھی ہے؟“ اس نے عرض کیا: ان میں خاکی رنگ کا بھی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”تمہارے خیال میں یہ کہاں سے آ گیا؟“ اس نے عرض کیا: (پرانی) رگ اسے لے آئی ہو گی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”ممکن ہے یہ بھی رگ ہو جو اسے لے آئی ہو۔ “ اور آپ نے اسے اس بچے سے انکار کی اجازت نہیں دی۔ متفق علیہ۔ [مشكوة المصابيح/كتاب النكاح/حدیث: 3311]
تخریج الحدیث: ´تحقيق و تخريج: محدث العصر حافظ زبير على زئي رحمه الله` «متفق عليه، رواه البخاري (7314) و مسلم (1500)»