حمید بن عبدالرحمٰن بن عوف بیان کرتے ہیں، نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کسی صحابی نے بیان کیا، کہ میں ایک سفر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھا، اس دوران میں نے کہا: اللہ کی قسم! میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نماز دیکھنے کے لیے آپ کو غور سے دیکھتا رہوں گا حتیٰ کہ میں آپ کا فعل دیکھ سکوں، جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز عشاء پڑھ لی تو آپ رات دیر تک سوئے رہے، پھر بیدار ہوئے تو افق پر نظر ڈال کر یہ آیت کریمہ تلاوت فرمائی: ”ہمارے پروردگار! تو نے یہ ناحق پیدا نہیں فرمایا۔ “ حتیٰ کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہاں تک پہنچے: ”بے شک تو وعدہ خلافی نہیں کرتا۔ “ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے بستر کی طرف ہاتھ بڑھایا اور وہاں سے مسواک نکالی، پھر کسی برتن سے پیالے میں پانی ڈالا اور مسواک کی، پھر نماز پڑھی حتیٰ کہ میں نے کہا: آپ جتنی دیر سوئے تھے اس قدر نماز پڑھی پھر آپ لیٹ گئے حتیٰ کہ میں نے (دل میں) کہا: آپ نے جس قدر نماز پڑھی اسی قدر سو گئے، پھر آپ بیدار ہوئے تو پہلی مرتبہ کی طرح عمل دہرایا، اور آپ نے وہی آیات تلاوت کیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فجر سے پہلے تین مرتبہ ایسے کیا۔ صحیح، رواہ النسائی۔ [مشكوة المصابيح/كتاب الصلاة/حدیث: 1209]
تخریج الحدیث: ´تحقيق و تخريج: محدث العصر حافظ زبير على زئي رحمه الله` «إسناده صحيح، رواه النسائي (213/3 ح 1627)»