عبدالواحد بن زیاد نے حدیث بیان کی، (کہا:) ہمیں طلحہ بن یحییٰ نے حدیث سنائی، (انھوں نے کہا:) مجھے عائشہ بنت طلحۃ نے ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے حدیث سنائی، کہا: ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: "اے عائشہ!کیا تمھارے پاس (کھانے کی) کوئی چیز ہے؟"کہا: تو میں نے عرض کی!اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمارے پاس کوئی چیز نہیں۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تو (پھر) میں روزے سے ہوں۔"اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم باہر تشریف لے گئے تو ہمارے پاس ہدیہ بھیجاگیا یا ہمارے پاس ملاقاتی (جو ہدیہ لائے) آگئے۔کہا: جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم واپس تشریف لائے، میں نے عرض کی: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم !ہمیں ہدیہ دیا گیا ہے۔یا ہمارے پاس مہمان آئے۔اورمیں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے کچھ محفوظ کرکے رکھا ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "وہ کیا ہے؟"میں نے عرض کی: وہ حیس (کھجور، گھی اورپنیر سے بنا ہوا کھانا) ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اسے لایئے"تو میں اسے لے آئی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کھا لیا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں نے ر وزے کی حالت میں صبح کی تھی۔" طلحہ نے کہا: میں نے یہ حدیث مجاہد کو سنائی تو انھوں نے کہا: یہ اس آدمی کی طرح ہے جو ا پنے مال سے صدقہ نکالتا ہے، اگر وہ چاہے تو دے دے اور اگر وہ چاہے تو اس کو روک لے۔
حضرت اُم المومنین عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے فرمایا: ”اے عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا! کیا تمھارے پاس کھانے کی کوئی چیز ہے؟“ تو میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمارے پاس تو کچھ بھی نہیں ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تو میں روزہ دار ہوں۔“ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم باہر تشریف لے گئے تو ہمارے پاس تحفہ بھیجا گیا یا ہمارے پاس مہمان آ گئے (ان کے پاس ہدیہ تھا یا ان کی خاطر ہدیہ پہنچا) تو جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم واپس تشریف لائے، میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمارے پاس ہدیہ آیا ہے یا ہمارے پاس مہمان آئے ہیں اور میں نے آپصلی اللہ علیہ وسلم کے لیے کچھ چھپا رکھا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”وہ کیا ہے؟“ میں نے عرض کیا: وہ حیس ہے (کھجور،گھی اور پنیر کا آمیزہ) آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لائیے۔“ تو میں اسے لے آئی اور آپصلی اللہ علیہ وسلم نے کھا لیا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں روزے سے تھا۔“ طلحہ کہتے ہیں اس نے یہ حدیث مجاہد کو سنائی تو اس نے کہا: یہ ایسا ہی ہے کہ ایک آدمی اپنے مال سے نفلی صدقہ لاتا ہے تو اس کی مرضی ہے اس کو صدقہ کردے یا روک لے۔
وکیع نے باقی ماندہ سابقہ سند کے ساتھ ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہا: ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس تشریف لائے اور پوچھا: "کیا آپ لوگوں کے پاس (کھانے کی) کوئی چیز ہے؟"تو ہم نے کہا: نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تو تب میں روزے سے ہوں۔"پھر ایک اور دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو ہم نے عرض کی: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم !ہمیں حیس تحفے میں ملا ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "مجھے دکھائیے، میں نے روزے کی حالت میں صبح کی تھی۔"اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھا لیا۔
حضرت اُم المومنین عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے پاس تشریف لائے ارو پوچھا: ”کیا تمھارے پاس کھانے کی کوئی چیز ہے؟“ تو ہم نے کہا: نہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا! ”تو اب ہم روزہ دار ہیں۔“ پھرایک دن تشریف لائے تو ہم نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمیں مالیدہ کا ہدیہ ملا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے دکھائیے میں نے تو آج روزے کی نیت کی تھی۔“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نوش فرمایا۔