یحییٰ بن یحییٰ، یحییٰ بن ایوب، قتیبہ، ابن حجر، یحییٰ بن یحییٰ، اسماعیل، ابن جعفر، محمد، ابن حرملہ حضرت کریب سے روایت ہے کہ حضرت ام الفضل بنت حارث رضی اللہ عنہا نے مجھے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف ملک شام بھیجا میں شام میں پہنچا تو میں نے حضرت ام الفضل کا کام پورا کیا۔اور وہیں پر رمضان المبارک کا چاند ظاہر ہوگیا۔اور میں نے شام میں ہی جمعے کی رات چاند دیکھا پھر میں مہینے کے آخر میں مدینے آیا تو حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے چاند کا ذکر ہوا تو مجھے پوچھنے لگے کہ تم نے چاند کب دیکھا ہے؟تو میں نے کہا کہ ہم نے جمعہ کی رات چانددیکھا ہے۔پھر فرمایا! تو نے خود دیکھاتھا؟میں نے کہا ہاں! اور لوگوں نے بھی دیکھا ہے اور انہوں نے روزہ رکھا۔اورحضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے بھی روزہ رکھا حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ کیا حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کا چاند دیکھنا اور ان کا روزہ رکھنا کافی نہیں ہے؟حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا نہیں!رسول اللہ نے ہمیں اسی طرح کرنے کا حکم فرمایا ہے۔ یحییٰ بن یحییٰ کو شک ہے کہ "ہم اکتفا نہیں کریں گے"کے الفاظ تھے یا"آپ اکتفا نہیں کریں گے"کے۔
ابوکریب رحمۃ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ اُم الفضل بنت حارث رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے انہیں شام حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس بھیجا میں شام آیا اور ان کی ضرورت پوری کی۔ اور چاند جبکہ میں شام ہی میں تھا نمودار ہو گیا میں نے چاند جمعہ کی رات دیکھا، پھر مہینہ کے آخر میں مدینہ آ گیا تو مجھ سے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کچھ پوچھا، پھر چاند کا تذکرہ کیا اور کہا تم نے چاند کب دیکھا؟ میں نے کہا: ہم نے اسے جمعہ کی رات دیکھا، تو انھوں نے پوچھا: تم نے خود دیکھا ہے؟ میں نے جواب دیا: جی ہاں! اور لوگوں نے بھی دیکھا ہے سب نے روزہ رکھا اور حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی روزہ رکھا، تو انھوں نے کہا: لیکن ہم نے تو ہفتہ کی رات دیکھا ہے اس لیے ہم روزہ رکھتے رہیں گے حتی کہ تیس پورے ہو جائیں یا ہمیں نظر آ جائے، میں نے کہا: کیا آپ حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی رؤیت اور ان کے روزہ کو کافی نہیں سمجھتے۔ انھوں نے کہا: نہیں۔ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے ہی حکم دیا ہے۔ یحییٰ بن یحییٰ کی حدیث میں ہے ”لانَكْتَفِى او تَكْتَفِى“ ہم کافی نہیں سمجھیں گے۔ یا آپ کافی نہیں سمجھتے۔