سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ، ابوبکر، عمر و عثمان رضی اللہ عنہم سب ہی نماز میں قرأت «الحمد لله رب العالمين» سے شروع کرتے تھے۔ امام دارمی رحمہ اللہ نے کہا: یہی ہم کہتے ہیں اور میں «بسم الله الرحمٰن الرحيم» جہراً کہنا درست نہیں سمجھتا۔ [سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1274]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1276] » یہ حدیث صحیح متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 743] ، [مسلم 399] ، [مسند أبى يعلی 2881] ، و [ابن حبان 1798]
وضاحت: (تشریح حدیث 1273) جب «الحمد للّٰه رب العالمين» سے سب قرأت شروع کرتے تو بسم اللہ يقیناً سرّاً کہتے ہوں گے، لہٰذا صحیح یہ ہے کہ بسم اللہ سرّاً پڑھی جائے اور قرأت «الحمد للّٰه رب العالمين» سے ہی شروع کی جائے، اور اگر کبھی کبھار جہراً بھی بسم اللہ کہی جائے تو کوئی حرج نہیں، بعض صحابہ سے ایسا کرنا بھی ثابت ہے۔ بعض لوگ نماز میں سورۂ فاتحہ سے پہلے بسم اللہ جہراً پڑھنا لازمی قرار دیتے ہیں جو صحیح نہیں ہے، مذکورہ بالا حدیث ان کے قول کے سراسر خلاف ہے۔ والله اعلم