یوسف بن ابی بردہ نے اپنے والد سے، انہوں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے واسطے سے بیان کیا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب بیت الخلاء سے باہر آتے تو فرماتے: «غُفْرَانَكَ» یعنی ”اے اللہ میں تیری مغفرت چاہتا ہوں۔“[سنن دارمي/من كتاب الطهارة/حدیث: 703]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 707] » بعض محققین نے اس روایت کو حسن کہا ہے۔ دیکھئے [أحمد 269/1] ، [أبوداؤد 30] ، [ترمذي 7] ، [ابن ماجه 300] ، [المستدرك 158/1] ، [صحيح ابن حبان 1444] و [شرح السنة 379/1]
وضاحت: (تشریح حدیث 702) اس حدیث سے بیت الخلاء سے نکلنے پر «غُفْرَانَكَ» کہنا ثابت ہوا، یعنی: ”اے اللہ! میں تیری مغفرت چاہتا ہوں۔ “ گویا کہ آپ سے اس مدت میں جو ذکرِ الٰہی نہ ہو سکا اس تقصیر پر الله تعالیٰ سے مغفرت طلب کرتے ہیں، سبحان اللہ کیا شانِ عبودیت اور تشکر و امتنان ہے۔