سیدنا کلده بن حنبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سیدنا صفوان بن امیہ رضی اللہ عنہ نے مجھے فتح مکہ کے موقعہ پر دودھ، بھنا ہوا ہرن کا بچہ اور کچھ ترکاریاں دے کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بھیجا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت وادی مکہ کے بالائی حصے میں تھے۔ میں سلام اور اجازت لیے بغیر ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس چلا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”واپس جاؤ اور کہو: السلام علیکم! کیا میں اندر آجاؤں؟“ یہ صفوان کے مسلمان ہونے کے بعد کا واقعہ ہے۔ عمرو بن ابی سفیان کہتے ہیں کہ امیہ بن صفوان نے بھی مجھے واقعہ سیدنا كلدہ رضی اللہ عنہ سے بیان کیا لیکن یہ نہیں کہا کہ میں نے سیدنا کلدہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ [الادب المفرد/كِتَابُ الاسْتِئْذَانُ/حدیث: 1081]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه أبوداؤد، كتاب الأدب: 5176 و الترمذي: 2710 - أنظر الصحيحة: 818»
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کسی نے (گھر میں) نظر داخل کر دی تو اس کے لیے اجازت نہیں ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ الاسْتِئْذَانُ/حدیث: 1082]