سیدنا یعلی بن مرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ کھانے کی دعوت پر باہر نکلے تو راستے میں سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کھیل رہے تھے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جلدی سے لوگوں سے آگے بڑھے اور اپنے دونوں ہاتھوں کو پھیلا دیا۔ بچے نے ادھر ادھر بھاگنا شروع کر دیا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کے ساتھ ہنسی کرتے رہے یہاں تک کہ اس کو پکڑ لیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہاتھ اس کی ٹھوڑی کے نیچے رکھا اور دوسرا اس کے سر پر رکھا اور اسے گلے لگا لیا۔ پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں۔ اللہ اس سے محبت کرے جو حسین سے محبت کرے۔ حسین ہمارے بچوں میں سے ایک بچہ ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ الصَّغِيرِ/حدیث: 364]
تخریج الحدیث: «حسن: أخرجه الترمذي، كتاب المناقب، باب حلمه و وضعه صلى الله عليه وسلم الحسن و الحسين بين يديه: 3775 و ابن ماجه: 144 - أخرجه المصنف فى التاريخ الكبير: 414/8 - انظر الصحيحة: 1227»