سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ نے تمہیں تین چیزوں سے بچا لیا ہے: یہ کہ تم سب گمراہی پر جمع نہیں ہو گے، یہ کہ اہل باطل اہل حق پر غالب نہیں آئیں گے اور یہ کہ میں نے تمہارے لیے دعا کی کہ وہ تمہیں ہلاک نہ کر دے، اور اس نے ان کے بدلے میں تمہیں تین چیزیں دے دیں، دھواں، دجال اور دابۃ الارض (زمین سے نکلنے والا جانور)۔“[مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الفتن/حدیث: 854]
تخریج الحدیث: «سنن ابوداود، كتاب الفتن والملاحم، باب ذكر الفتن ودلاثلها، رقم: 4253 . قال الشيخ الالباني: ضعيف لكن الجملة الثالثة صحيح .»
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت قائم نہیں ہو گی حتیٰ کہ تم جوتا پھینکا ہوا، دیکھو، تو آدمی کہے گا: گویا کہ وہ قریشی جوتا ہے۔“[مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الفتن/حدیث: 855]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت قائم نہیں ہو گی حتیٰ کہ تقریباً تیس عورتیں ایک آدمی کا پیچھا کریں گی، وہ سب یہی کہیں گی: مجھ سے شادی کر لو، مجھ سے شادی کر لو، مجھ سے شادی کر لو۔“[مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الفتن/حدیث: 856]
اسی سند سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت سے پہلے تاریک رات کے ٹکڑوں کی طرح فتنے ہوں گے، ان فتنوں میں آدمی صبح کو مومن ہو گا تو شام کو کافر، اگر شام کو مومن ہو گا تو صبح کو کافر، ان میں لوگ دنیا کے قلیل مال و متاع کے عوض اپنا دین بیچ دیں گے۔“[مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الفتن/حدیث: 857]
تخریج الحدیث: «مسلم، كتاب الايمان، باب الحث على المبادرة بالاعمال قبل تظاهر الفتن، رقم: 118 . سنن ترمذي، رقم: 2195، 2197 .»
اسی سند سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بلندیاں تو صرف دو ہیں: خیر کی بلندی اور شر کی بلندی، پس شر کی بلندی تم میں سے کسی کو خیر کی بلندی سے زیادہ پسندیدہ نہ ہو۔“[مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الفتن/حدیث: 858]
اسی سند سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ نے تمہیں تین چیزوں سے پناہ دی ہے: یہ کہ تم سب کے سب گمراہی پر جمع نہیں ہو گے، تم پر باطل غالب نہیں آئے گا اور تم ایسی دعا نہیں کرو گے کہ تم سب ہلاک ہو جاؤ، لیکن تمہارے لیے دجال، دھواں اور زمین کا جانور ضروری ہے۔“[مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الفتن/حدیث: 859]
تخریج الحدیث: «سنن ابي داود، كتاب الفتن، باب ذكر الفتن و دلاثلها، رقم: 4253 . قال الشيخ الالباني ضعيف ولكن الجملة الثالثة صحيح .»