سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان میں سفر کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے روزہ رکھا حتیٰ کہ عسفان پہنچے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک برتن منگوایا اس میں مشروب تھا، پس آپ نے اسے دن کے وقت پیا تاکہ لوگ آپ کو دیکھ سکیں، پھر آپ نے (دوران سفر) روزہ نہ رکھا حتیٰ کہ مکہ میں داخل ہو گئے، سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوران سفر روزہ بھی رکھا ہے اور روزہ نہیں بھی رکھا، پس جو چاہے روزہ رکھے اور جو چاہے نہ رکھے۔ [مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الصوم/حدیث: 425]
تخریج الحدیث: «بخاري، كتاب المغازي، باب غزوة الفتح فى رمضان، رقم: 4275 . مسلم، كتاب الصيام، باب جواز الصوم والفطر الخ، رقم: 1113 . سنن ابوداود، رقم: 2404 . سنن نسائي، رقم: 2314 . سنن ابن ماجه، رقم: 1661 .»
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا: ہم سفر میں روزہ رکھنے والے اور روزہ نہ رکھنے والے پر اعتراض نہیں کرتے تھے۔ وکیع رحمہ اللہ نے یہ اضافہ نقل کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سفر میں روزہ رکھا اور روزہ نہیں بھی رکھا۔ [مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الصوم/حدیث: 426]
تخریج الحدیث: «مسلم، كتاب الصيام، باب جواز الصوم الفطر فى شهر رمضان للمسافر، انظر ما قبله»