سیدنا صعب بن جثامہ اللیثی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک جنگلی گدھے کا گوشت ہدیہ دیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم (مقام) ابواء یا دوّان میں تھے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے واپس کر دیا۔ کہتے ہیں جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے چہرے پر ملال دیکھا تو فرمایا: ہم نے کسی اور وجہ سے واپس نہیں کیا، فقط اتنا ہے کہ ہم لوگ احرام باندھے ہوئے ہیں۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 680]
حدیث نمبر: 681
طاؤس سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ زید بن ارقم رضی اللہ عنہ آئے تو سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ نے ان کو یاد دلا کر کہا کہ تم نے شکار کے گوشت کی خبر کیسے دی تھی جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ہدیہ دیا گیا تھا جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم احرام باندھے ہوئے تھے؟ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک عضو شکار کے گوشت کا ہدیہ دیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے واپس کر دیا اور فرمایا کہ ہم لوگ احرام باندھے ہوئے ہیں، اس لئے ہم نہیں کھاتے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 681]