سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس مسلمان نے کوئی درخت لگایا اور اس کا پھل آدمیوں اور جانوروں نے کھایا تو اس لگانے والے کے لیے صدقہ کا ثواب ہے (گویا کہ یہ صدقہ جاریہ ہے)۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2017]
حدیث نمبر: 2018
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھنے کے لیے کھڑے ہوئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہم بھی کھڑے ہوئے۔ اتنے میں ایک گنوار نماز ہی میں دعا مانگنے لگا کہ یااللہ! مجھ پر اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر رحم کر بس اور کسی پر مت کر۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام پھیر کر گنوار سے فرمایا: ”تو نے وسیع چیز (یعنی اللہ کی رحمت) کو تنگ کر دیا۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2018]
حدیث نمبر: 2019
سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تو مومنوں کو ایک دوسرے سے رحم، محبت اور مہربانی میں ایسا دیکھے گا جیسا کہ بدن میں ایک عضو بیمار ہو جائے تو سارے اعضاء بخار اور بیماری میں اس کے شریک ہوتے ہیں۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2019]
حدیث نمبر: 2020
سیدنا جریر بن عبداللہ بجلی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص کسی پر رحم نہ کرے (تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے) اس پر بھی رحم نہ کیا جائے گا۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2020]