سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”ہر آدمی کو چاہیے کہ وہ رنج و مصیبت پر ہرگز موت کی آرزو نہ کرے اور اگر کوئی ایسی ہی مجبوری ہو تو اس طرح دعا کرے: ”اے اللہ! جب تک زندگی میرے لیے بہتر ہو مجھ کو زندہ رکھ اور جب مرنا میرے لیے بہتر ہو تو مجھے کو اٹھالے۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1958]
حدیث نمبر: 1959
سیدنا خباب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انھوں نے اپنے بدن پر سات داغ دے رکھے تھے اور کہتے تھے کہ میرے ساتھی مجھ سے پہلے دنیا سے رخصت ہو گئے اور دنیا، ان کا اجر و ثواب کم نہ کر سکی (کیونکہ وہ دنیا میں مشغول نہ تھے) اور ہمارے پاس (اب) اس قدر مال ہے کہ اس کے رکھنے کی جگہ سوائے مٹی کے ہمیں اور نہیں ملتی اور اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں موت کے مانگنے سے منع فرماتے تو میں ضرور موت کی دعا مانگتا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1959]
حدیث نمبر: 1960
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”کوئی اپنے (نیک) عمل کی وجہ سے جنت میں نہیں جا سکتا۔“ صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کی کہ کیا آپ بھی یا رسول اللہ! (نیک عمل کی وجہ سے جنت میں نہیں جا سکتے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے) فرمایا: ”ہاں! میں بھی“(نہیں جا سکتا)۔ اگر اللہ تعالیٰ مجھے اپنے (دامن) رحمت میں چھپا لے تو بہتر ہے۔ اب تمہیں چاہیے کہ میانہ روی اختیار کرو اور اللہ کا قرب حاصل کرو اور چاہیے کہ موت کی آرزو کوئی نہ کرے کیونکہ اگر آدمی نیک ہے تو (زندگی سے) اپنی نیکی میں ترقی کرے گا اور اگر گنہگار ہے تو شاید توبہ کر لے۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1960]