ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا صدیقہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بخار جہنم کے جوش سے (پیدا ہوتا ہے) لہٰذا تم اس کو پانی سے ٹھنڈا کرو۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1381]
حدیث نمبر: 1382
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہاری آگ (کی گرمی) جہنم کی آگ کی گرمی کے ستر حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔“ عرض کی گئی کہ یا رسول اللہ! دنیا کی آگ ہی جلانے کے لیے کافی تھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”وہ اس پر انہتر حصے بڑھا دی گئی ہے، ہر ایک حصہ اسی کے برابر گرم ہے۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1382]
حدیث نمبر: 1383
سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ”قیامت کے دن ایک شخص لایا جائے گا اور وہ آگ میں ڈال دیا جائے گا پھر اس کی آنتیں آگ میں نکل پڑیں گی اور وہ اس طرح سے گھومے گا جیسے گدھا اپنی چکی گھومتا ہے۔ پھر دوزخ والے اس کے پاس جمع ہو جائیں گے اور کہیں گے کہ اے فلاں! یہ کیا معاملہ ہے؟ کیا تو ہمیں اچھی باتوں کا حکم نہ دیتا تھا اور ہمیں بری باتوں سے منع نہ کرتا تھا؟ وہ کہے گا کہ ہاں میں تمہیں اچھی باتوں کا حکم دیتا تھا مگر خود نہ کرتا تھا اور تمہیں بری باتوں سے منع کرتا تھا مگر خود ان کو کرتا تھا۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1383]