سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی لشکر میں بھیجا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے فرمایا: ”اگر تم فلاں اور فلاں شخص کو پانا (قریش کے دو آدمیوں کا نام لیا) تو انھیں آگ میں جلا دینا۔“ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ پھر جب ہم سفر میں جانے لگے تو ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس رخصت ہونے کو آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے تمہیں حکم دیا تھا کہ فلاں اور فلاں شخص کو آگ میں جلا دینا، مگر آگ سے تو اللہ ہی عذاب کرتا ہے۔ لہٰذا اگر تم ان کو پکڑو تو انھیں قتل کر دینا۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1268]