3. جب کوئی نماز پڑھ رہا ہو اور اسی حالت میں اس کا جانور بھاگ جائے۔
حدیث نمبر: 627
سیدنا ابوبرزہ اسلمی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے جنگ کی حالت میں نماز پڑھی اور ان کی سواری کی لگام ان کے ہاتھ میں تھی۔ سواری شوخی سے آگے بڑھتی جا رہی تھی اور وہ اس کے پیچھے پیچھے چلے جا رہے تھے۔ تو ان سے اس کا معاملہ پوچھا گیا تو وہ فرمانے لگے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ چھ جہاد کیے ہیں یا سات یا آٹھ اور میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی میانہ روی اور سہولت پسندی دیکھی ہے اور بیشک مجھے یہ بات کہ میں اپنی سواری کے ہمراہ رہوں، اس بات سے زیادہ پسند ہے کہ میں اسے چھوڑ دیتا اور وہ اپنے اصطبل میں چلی جاتی (جو یہاں سے بہت دور ہے) پھر مجھے تکلیف ہوتی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 627]
حدیث نمبر: 628
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے سورج گرہن کے متعلق پوری حدیث ذکر کی (دیکھئیے کتاب: گرہن کے بیان میں۔۔۔ باب: سورج گرہن میں صدقہ دینا۔۔۔) اور اس روایت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس قول کے بعد کہ ”یقیناً میں نے جہنم کو دیکھا کہ اس کا ایک حصہ دوسرے حصے کو کھائے جا رہا ہے۔“ کہا کہ (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا): ”اور میں نے جہنم میں عمرو بن لحی کو دیکھا اور یہ عمرو بن لحی وہ شخص ہے جس نے بتوں کے نام پر جانوروں کے آزاد کرنے کی رسم ایجاد کی ہے۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 628]