مسند الحميدي
فِي الْحَجِّ
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کی منقول حج سےمتعلق روایات
حدیث نمبر 527
حدیث نمبر: 527
527 - حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ قَالَ: ثنا سُفْيَانُ قَالَ: ثنا زِيَادُ بْنُ سَعْدٍ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْفَضْلِ، عَنْ نَافِعِ بْنِ جُبَيْرٍ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «الثَّيِّبُ أَحَقُّ بِنَفْسِهَا مِنْ وَلِيِّهَا وَالْبِكْرُ تُسْتَأْمَرُ فِي نَفْسِهَا فَصَمْتُهَا إِقْرَارُهَا»
527- سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”ثبیہ عورت اپنے ولی کے مقابلے میں اپنی ذات کی زیادہ حقدار ہے اور کنواری سے اس کی ذات کے بارے میں مرضی معلوم کی جائے گی، اس کی خاموشی اس کا اقرار ہوگی۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح وأخرجه مسلم فى «صحيحه» برقم: 1421، ومالك فى «الموطأ» برقم:، وابن الجارود فى "المنتقى"، برقم: 769، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 4084، 4087، 4088، 4089، والنسائي فى «المجتبیٰ» برقم: 3260، 3261، 3262، 3263، 3264، والنسائي فى «الكبریٰ» برقم: 5351، 5352، 5353، 5354، 5355، 5370، 5371، وأبو داود فى «سننه» برقم: 2098، 2100، والترمذي فى «جامعه» برقم: 1108، والدارمي فى «مسنده» برقم: 2234، 2235، 2236، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 1870»
مسند الحمیدی کی حدیث نمبر 527 کے فوائد و مسائل
الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:527
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ والدین اپنی بیٹی کی جس شخص سے شادی کروانا چاہیں، پہلے وہ اپنی بیٹی سے مشورہ کریں گے، بیٹی کی بغیر مشورہ کے شادی کرنا درست نہیں ہے، کنواری کی رضامندی اس کا خاموش رہنا ہے، جبکہ شادی شدہ بول کر اپنی رضا مندی کا اظہار کرے گی۔
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یتیم (یعنی بالغ لڑکی) سے اس کے نکاح کے متعلق پوچھا جائے گا، اگر وہ خاموش رہے تو یہی اس کی اجازت ہے، اور اگر وہ انکار کر دے تو پھر زبردستی اس کا نکاح کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ [سنن ابي داؤد: 2093 سنن الترمذي يه حديث صحيح هے]
اس حدیث کا ہرگز یہ مفہوم نہیں ہے کہ شادی شدہ اپنی مرضی سے جہاں چاہے اپنے ولی کے بغیر شادی کرواتی پھرے، بلکہ ولی کے بغیر نکاح ہوتا ہی نہیں ہے، خواہ وہ کنواری ہو یا شادی شدہ۔
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 527
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث موطا امام مالك رواية ابن القاسم 351
´کنواری کی خاموشی اس کی طرف سے اجازت ہے`
«. . . 381- مالك عن عبد الله بن الفضل عن نافع بن جبير بن مطعم عن عبد الله ابن عباس أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: ”الأيم أحق بنفسها من وليها، والبكر تستأذن فى نفسها، وإذنها صماتها.“ . . .»
”. . . سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو عورت کنواری نہ ہو تو وہ اپنے ولی کی نسبت زیادہ بااختیار ہے اور کنواری لڑکی سے (شادی کی) اجازت مانگی جاتی ہے اور اس کا خاموش رہنا ہی اس کی اجازت ہے۔“ . . .“ [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 351]
تخریج الحدیث:
[وأخرجه مسلم 1421، من حديث ما لك به]
تفقه:
➊ جس عورت کا خاوند مر جائے یا وہ طلاق شدہ ہو تو نکاح کے وقت اس کی زبانی اجازت ضروری ہے، اس کا صرف خاموش رہنا کافی نہیں ہے۔
➋ نکاح کے لئے ولی کا ہونا ضروری ہے۔
● سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: کوئی عورت اپنے ولی صاحب رائے رشتہ دار یا سلطان کے بغیر نکاح نہ کرے [السنن الكبريٰ للبيهقي 111/7، وسنده قوي، روايته سعيد بن المسيب عن عمر رضي الله عنه قوي و باقي السند صحيح]
● سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا: جوعورت ولی کے بغیر نکاح کرے تو اس کا نکاح باطل ہے، ولی کے بغیر نکاح نہیں ہوتا۔ [السنن الكبريٰ للبيهقي 111/7، وقال: ”هذا اسناده صحيح“، وسند حسن، روايته سفيان الثوري عن سلامته بن كهيل قويته و باقي السند صحيح]
● رسول اللہ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا: «أيما امرأة تزوجت بغير إذن وليها فنكاحها باطل۔۔۔» جو عورت بھی ولی کی اجازت کے بغیر نکاح کرے تو اس کا نکاح باطل ہے۔ [منتقيٰ ابن الجارود 235 حديث: 700 وسنده حسن، المستدرك للحاكم 168/2 ح 2707]
◄ اس حدیث میں سلیمان بن موسیٰ راوی جمہور کے نزدیک ثقہ صدوق ہیں لہٰذا حسن الحدیث ہیں۔ دیکھئے میری کتاب نماز میں ہاتھ باندھنے کا حکم اور مقام (ص 23-25)
➌ بعض اوقات خاموشی بھی بیان ہوتا ہے إلا یہ کہ کوئی قرینہ اس کی تخصیص کر دے۔
موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 381
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3262
´کنواری لڑکی کی شادی کے لیے اس سے اجازت لینے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیوہ عورت اپنے ولی (سر پرست) کے بالمقابل اپنے بارے میں فیصلہ کرنے کا زیادہ حق رکھتی ہے ۱؎ اور کنواری (لڑکی) سے اس کی شادی کی اجازت لی جائے گی۔ اور اس کی اجازت (اس سے پوچھے جانے پر) اس کا خاموش رہنا ہے“ ۲؎۔ [سنن نسائي/كتاب النكاح/حدیث: 3262]
اردو حاشہ:
(1) ”بیوہ عورت“ تفصیل سابقہ حدیث کے فائدے میں دیکھیے۔
(2) ”کنواری لڑکی“ اگر چہ عورت کے لیے ولی کی رضا مندی شرط ہے مگر عورت کی اپنی رضا مندی بھی ضروری ہے۔ ولی کی رضا مندی اس کہ لیے عورت جذبات میں آکر ایسی جگہ نہ کر بیٹھے جس میں اولیاء کو عار لاحق ہوتی ہو اور عورت کی رضا مندی اس لیے کہ اس نے ساری زندگی گزارنی ہے۔
(3) ”خاموش رہنا“ چونکہ کنواری لڑکی زیاہ شرمیلی ہوتی ہے، ضروری نہیں وہ زبان سے اظہار کرے، لہٰذا اس کا خاموش رہنا بھی جبکہ اس کے سامنے تفصیل کردی جائے، رضا مندی شمار ہوگی، مگر یہ خاموشی خوف اور ناراضی والی نہ ہو۔
(4) اگر کنواری لڑکی زبان سے انکار کردے تو وہاں اس کا نکاح نہیں کیا جائے گا۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3262
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3265
´کنواری لڑکی کی شادی کے لیے اس سے اجازت لینے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیوہ (غیر کنواری) عورت پر ولی کا کچھ اختیار نہیں ہے، اور «یتیمہ» کنواری لڑکی سے اس کی ذات کے بارے میں مشورہ (و اجازت) لی جائے گی، اور (جواباً) اس کی خاموشی اس کی اجازت مانی جائے گی۔“ [سنن نسائي/كتاب النكاح/حدیث: 3265]
اردو حاشہ:
”ولی کو اختیار نہیں“ یعنی ولی کو رکاوٹ ڈالنے کا اختیار نہیں بلکہ وہ بیوہ کی بات کو ترجیح دے۔ یہ اس حدیث کے صحیح معنیٰ ہیں جو دیگر احادیث سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3265
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2100
´ثیبہ (غیر کنواری عورت) کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ولی کا ثیبہ عورت پر کچھ اختیار نہیں، اور یتیم لڑکی سے پوچھا جائے گا اس کی خاموشی ہی اس کا اقرار ہے۔“ [سنن ابي داود/كتاب النكاح /حدیث: 2100]
فوائد ومسائل:
بیوہ جہاں کا عندیہ دے، ولی کے لئے وہیں نکاح کرنا زیادہ مستحسن ہے بشرطیکہ کوئی شرعی رکاوٹ نہ ہو۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2100
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1870
´کنواری اور غیر کنواری دونوں سے شادی کی اجازت لینے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”غیر کنواری عورت اپنے آپ پر اپنے ولی سے زیادہ حق رکھتی ہے، اور کنواری عورت سے نکاح کے سلسلے میں اجازت طلب کی جائے گی“، عرض کیا گیا: اللہ کے رسول! کنواری بولنے سے شرم کرے گی تو آ پ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس کی خاموشی اس کی اجازت ہے۔“ [سنن ابن ماجه/كتاب النكاح/حدیث: 1870]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
یہاں (أَیًِم)
سے مراد وہ عورت ہے جس کا پہلے نکاح ہوا تھا، پھر خاوند سے جدائی ہو گئی خواہ خاوند کی وفات کی وجہ سے ہو یا طلاق کی وجہ سے یعنی اس لفظ سے بیوہ اور طلاق یافتہ دونوں مراد ہیں۔
دونوں کا ایک ہی حکم ہے۔
(2)
نکاح میں لڑکی کی رضامندی بھی ملحوظ رکھی جائے اور سرپرست کی اجازت بھی ضروری ہے۔
(3)
کنواری لڑکی اگر شرم و حیا کی وجہ سے بول کر رضامندی ظاہر نہ کرسکے تو اس کی خاموشی کو رضامندی تصور کر لیا جائے گا، بشرطیکہ دوسرے قرائن سے محسوس نہ ہو کہ یہ خاموشی ناراضی کی وجہ سے ہے۔
(4)
بیوہ یا مطلقہ کی اجازت واضح طور پر کلام کے ذریعے سے ہونا ضروری ہے اس کی خاموشی کو رضامندی سمجھ لینا کافی نہیں۔
(5)
بیوہ یا طلاق یافتہ عورت کو چاہیے کہ عدت گزرنے کے بعد دوبارہ کسی مناسب جگہ نکاح کر لے۔
اس کے سرپرست کو بھی چاہیے کہ دوسرا نکاح کرنے میں اس سے تعاون کرے۔
بے نکاح بیٹھ رہنا درست نہیں الا یہ کہ عمر اتنی زیادہ ہو گئی ہو کہ دوسرا نکاح کرنا مشکل ہو ....یا کوئی اور رکاوٹ ہو۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1870
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 1108
´کنواری اور ثیبہ (شوہر دیدہ) سے اجازت لینے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ «ثیبہ» (شوہر دیدہ) عورت اپنے آپ پر اپنے ولی سے زیادہ استحقاق رکھتی ہے ۱؎ اور کنواری سے بھی اجازت طلب کی جائے گی اور اس کی اجازت اس کی خاموشی ہے ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب النكاح/حدیث: 1108]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
لفظ ”أحق“ مشارکت کا متقاضی ہے،
گویا غیرکنواری عورت اپنے نکاح کے سلسلہ میں جس طرح حقدارہے اسی طرح اس کا ولی بھی حقدارہے یہ اوربات ہے کہ ولی کی نسبت اسے زیادہ حق حاصل ہے کیونکہ ولی کی وجہ سے اس پر جبرنہیں کیا جا سکتا جب کہ خود اس کی وجہ سے ولی پر جبرکیا جاسکتا ہے،
چنانچہ ولی اگرشادی سے ناخوش ہے اور اس کا منکرہے تو بواسطہ قاضی (حاکم) اس کا نکاح ہوگا،
اس توضیح سے یہ بات واضح ہوگئی کہ یہ حدیث ”لانكاح إلا بولي“ کے منافی نہیں ہے۔
2؎:
اوراگرمنظورنہ ہوتوکھل کربتادینا چاہئے کہ مجھے یہ رشتہ پسند نہیں ہے تاکہ والدین اس کے لیے دوسرا رشتہ منتخب کریں یا اسے مطمئن کریں۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1108