بشر بن عمر بنے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے امام مالک بن انس سے محمد بن عبد الرحمن کے بارے میں پوچھا جو سعید بن مسیب سے احادیث روایت کرتا ہے تو انہوں نے کہا: وہ ثقہ نہیں۔ میں نے مالک بن انس سے ابو حویرث کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے فرمایا: وہ ثقہ نہیں۔ (پھر) میں نے ان سے اس شعبہ کے بارے میں سوال کیا جس سے ابن ابی ذئب روایت کرتے ہیں تو فرمایا: وہ ثقہ نہیں۔ میں نے ان سے صالح مولیٰ تَواَمَہ کے بارے میں سوال کیا تو کہا: ثقہ نہیں۔ میں نے ان سے حرام بن عثمان کے بارے میں پوچھا تو فرمایا: ثقہ نہیں۔ میں نے امام مالک سے ان پانچوں کے بارے میں پوچھا، انہوں نے فرمایا: یہ سب حدیث کے بیان کرنے میں ثقہ نہیں۔ میں نے ان سے ایک اور شخص کے بارے میں پوچھا جس کا (اب) میں نام بھول گیا ہوں تو انہوں نے کہا: کیا تم نے میری کتابوں میں اس کا نام دیکھا ہے۔ میں نے عرض کی: نہیں۔ فرمایا: اگر ثقہ ہوتا تو تم اس کا ذکر میری کتابوں میں دیکھتے
بشر بن عمرؒ کہتے ہیں: کہ میں نے امام مالک بن انس ؒ سے محمد بن عبدالرحمٰن جو حضرت سعید بن مسیّب ؒ سے روایت کرتا ہے، کے بارے میں پوچھا تو انھوں نےجواب دیا: ”وہ قابلِ اعتماد نہیں ہے۔“ اور میں نے ان سے توامہ کے آزاد کردہ غلام صالح کے بارے میں پوچھا، تو انھوں نے فرمایا: ”وہ ثقہ نہیں ہے۔“ میں نے ان سے ابو الحویرث (عبدالرحمٰن بن معاویہ) کے بارے میں پوچھا، تو انھوں نے کہا: ”وہ معتبر نہیں ہے۔“ میں نے ان سے اس شعبہ کے بارے میں پوچھا، جس سے ابن ابی ذئب (محمد بن عبدالرحمٰن بن مغیرہ القرشی) روایت کرتے ہیں، تو انھوں نے جواب دیا: ”وہ قابلِ اعتماد نہیں ہے۔“ اور میں نے ان سے حرام بن عثمان کے بارے میں پوچھا، تو انھوں نے فرمایا: ”وہ قابلِ اعتماد نہیں۔“ میں نے امام مالکؒ سے ان پانچ کے بارے میں دریافت کیا، چنانچہ انھوں نے ان سب کے بارے میں فرمایا: ”وہ حدیث بیان کرنے میں معتبر نہیں ہیں۔“ اور میں نے ان سے ایک اور آدمی کے بارے میں پوچھا جس کا نام مجھے یاد نہیں رہا، تو انھوں نے جواب دیا: ”کیا تم نے اس سے میری کتابوں میں روایت دیکھی ہے؟“ میں نے کہا: نہیں! فرمایا: ”اگر وہ ثقہ ہوتا تو اس سے میری کتابوں میں روایت دیکھ لیتے۔“