صحيح البخاري
كِتَاب التَّوْحِيدِ
کتاب: اللہ کی توحید اس کی ذات اور صفات کے بیان میں
24. بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَاضِرَةٌ إِلَى رَبِّهَا نَاظِرَةٌ} :
باب: اللہ تعالیٰ کا (سورۃ قیامت میں) ارشاد ”اس دن بعض چہرے تروتازہ ہوں گے، وہ اپنے رب کو دیکھنے والے ہوں گے، یا دیکھ رہے ہوں گے“۔
حدیث نمبر: 7438
قَالَ عَطَاءُ بْنُ يَزِيدَ وَأَبُو سَعِيدٍ الْخُدْرِيُّ مَعَ أَبِي هُرَيْرَةَ: لَا يَرُدُّ عَلَيْهِ مِنْ حَدِيثِهِ شَيْئًا حَتَّى إِذَا حَدَّثَ أَبُو هُرَيْرَةَ أَنَّ اللَّهَ تَبَارَكَ وَتَعَالَى قَالَ ذَلِكَ لَكَ وَمِثْلُهُ مَعَهُ، قَالَ أَبُو سَعِيدٍ الْخُدْرِيُّ: وَعَشَرَةُ أَمْثَالِهِ مَعَهُ: يَا أَبَا هُرَيْرَةَ، قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ: مَا حَفِظْتُ إِلَّا قَوْلَهُ ذَلِكَ لَكَ وَمِثْلُهُ مَعَهُ، قَالَ أَبُو سَعِيدٍ الْخُدْرِيُّ: أَشْهَدُ أَنِّي حَفِظْتُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَوْلَهُ ذَلِكَ لَكَ وَعَشَرَةُ أَمْثَالِهِ، قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ: فَذَلِكَ الرَّجُلُ آخِرُ أَهْلِ الْجَنَّةِ دُخُولًا الْجَنَّةَ.
عطا بن یزید نے بیان کیا کہ ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ اس وقت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ موجود تھے۔ ان کی حدیث کا کوئی حصہ رد نہیں کرتے تھے۔ البتہ جب ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کہے گا کہ ”یہ اور انہیں جیسی تمہیں اور ملیں گی“ تو ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اس کے دس گنا ملیں گی اے ابوہریرہ۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ مجھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہی ارشاد یاد ہے کہ ”یہ اور انہیں جیسی اور“ اس پر ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے میں نے آپ کا یہ ارشاد یاد کیا ہے کہ ”تمہیں یہ سب چیزیں ملیں گی اور اس سے دس گنا“ اور ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ یہ شخص جنت میں سب سے آخری داخل ہونے والا ہو گا۔
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 7438 کے فوائد و مسائل
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7438
حدیث حاشیہ:
اس حدیث کویہاں لانے کا مقصد یہ ہے کہ اس میں اللہ تعالیٰ کےآنے کا ذکر ہے۔
معتزلہ، جہمیہ، متکلمین نے اللہ کےآنے کا انکار کیا ہے اور ایسی آیات واحادیث جن میں اللہ کےآنے کا ذکر ہے۔
ان کی دور از کار تاویلات کی ہیں۔
اللہ تعالیٰ اپنی شان کےمطابق آتا بھی ہے۔
وہ ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے مگر اس کی حرکت کو ہم کسی مخلوق کی حرکت سےتشبیہ نہیں دے سکتے نہ اس کی حقیقت کوہم جان سکتےہیں۔
وہ عرش پر ہے اور اس سےآسمان دنیا پرنزول بھی فرماتا ہے جس کی کیفیت ہم کو معلوم نہیں۔
ایسے ہی اس حدیث میں اللہ تعالیٰ کےہنسنے کا بھی ذکر ہے۔
اس کا ہنسنا بھی برحق ہے جس کی تاویل کرناغلط ہے۔
سلف صالحین کا یہی مسلک تھا کہ اس کی شان وصفت جس طرح قرآن وحدیث میں مذکور ہے اس پر بلاچوں وچرا ایمان لانا فرض ہے۔
آمنا باللہ کما ھو بأسمائه و صفاته ہر دو صحابیوں کا لفظی اختلاف اپنے اپنے سماع کےمطابق ہے۔
ہر دو کا مطلب ایک ہی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان جنتیوں کے بے شمار نعتیں عطا کرے گا سچ ہے۔
(وَفِيهَا مَا تَشْتَهِيهِ الْأَنْفُسُ وَتَلَذُّ الْأَعْيُنُ) (الزخرف: 71)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7438
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7438
حدیث حاشیہ:
1۔
اس روایت میں دو جلیل القدر صحابۂ کرامؓ کا لفظی اختلاف اپنے اپنے سماع کے مطابق ہے۔
رسول اللہ نے کئی بار یہ حدیث بیان کی ہوگی، ہر صحابی نے اپنی اپنی سماعت کے مطابق اسے بیان کیا ہے۔
اتفاق کی صورت یوں ہو سکتی ہے کہ پہلے اللہ تعالیٰ نے ایک مثل کی خبر دی جیسا کہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت میں ہے، پھر اپنے فضل وکرم اور احسان کے طور پر اس میں دس گنا اضافہ کر دیا جیسا کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیان کردہ روایت میں ہے کہ اسے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نہیں سنا۔
(صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 451(182)
2۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ان احادیث سے اہل ایمان کے لیے دیدار الٰہی کو ثابت کیا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ تعالیٰ کا دیدار جنت کی تمام نعمتوں سے بڑی نعمت ہوگا اور اس دیدار میں کچھ ایسا سروراور کیف ہوگا کہ جب تک اللہ تعالیٰ اہل جنت کو اپنے دیدار سے مشرف فرمائے گا جنتی کسی اور نعمت کی طرف نہیں دیکھیں گے بلکہ ٹکٹکی باندھے اللہ تعالیٰ ہی کی طرف دیکھتے رہیں گے، چنانچہ حضرت صہیب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”جب جنت والے جنت میں داخل ہوجائیں گے تو اللہ تعالیٰ اعلان فرمائے گا:
میں تمھیں ان نعمتوں سے بڑھ کر کچھ اور بھی دینے والا ہوں۔
اہل جنت کہیں گے:
اے اللہ! کیا تو نے ہمارے چہرے روشن نہیں کیے، کیا تو نے ہمیں جہنم سے نجات دے کر جنت میں داخل نہیں کر دیا، یعنی اب کونسی کمی رہ گئی، چنانچہ اللہ تعالیٰ اپنا حجاب ہٹا دے گا اور اپنے دیدار سے مشرف کرے گا۔
اہل جنت کو جو کچھ بھی ملا ہوگا ان سب چیزوں سے زیادہ محبوب انھیں اللہ تعالیٰ کی طرف دیکھنا ہوگا۔
“ (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 449(181)
3۔
جہمیہ اور معتزلہ نے دیدار الٰہی سے متعلق آیات واحادیث کی تاویل کی ہے، ان عقل پرستوں کے ہاں اس طرح دیدار الٰہی کے وقت اللہ تعالیٰ کے لیے ایک مخصوص جہت متعین کرنا پڑے گی جبکہ اللہ تعالیٰ کی ذات جہات وحدود سے پاک ہے۔
ہم ان سے کہتے ہیں کہ تمھیں صفات الٰہی کو اپنی عقل کے مطابق کرنے کا کس نے پابند کیا ہے؟ یہ بات تمہارے بس میں نہیں۔
اس میں عقل عیار کو کوئی دخل نہیں لہذا اس میں بے جا مداخلت نہ کی جائے۔
درست اور صحیح راستہ یہی ہے کہ جو بات اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی ہے اسے جوں کا توں تسلیم کیا جائے۔
صفات الٰہی میں انسانی عقل کی مداخلت سے گمراہی کے سوا اور کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اہل ایمان کو اس سے بڑی نعمت سے ضرورسرفراز فرمائیں گے۔
4۔
سیدنا موسیٰ علیہ السلام سے اللہ تعالیٰ نے دنیا میں کلام کیا تواس کلام میں اتنی لذت تھی کہ سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے ان لمحات کو طویل تر کرنے کی کوشش کی، دیدار الٰہی میں تو بہرحال سماست سے بہت زیادہ لذت ہونا یقینی ہے، البتہ فاسق اور فاجر لوگ اس نعمت سے محروم ہوں گے جیسا کہ قرآن کریم میں اس کی صراحت ہے۔
اس حدیث میں اللہ تعالیٰ کی صفت "اتیان" یعنی قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کا بندوں کے درمیان فیصلے کرنے کے لیے آنا بھی ثابت ہے۔
اس صفت کے اثبات پر بھی سلف صالحین کا اجماع ہے لیکن اہل بدعت نے اس صفت کی دور ازکار تاویلات کی ہیں۔
ہمیں چاہیے کہ ان صفات کو بلاتحریف وتعطیل اوربلاتکییف وتمثیل ثابت کریں۔
ہم اس کی حرکت کو مخلوق کی حرکت سے تشبیہ نہ دیں بلکہ اس سے مراد حقیقی آنا تسلیم کریں جو اس کی شان کے لائق ہے۔
اسی طرح اس حدیث میں اللہ تعالیٰ کی صفت "ضحك" بھی ثابت ہے۔
اللہ تعالیٰ کا ہنسنا بھی برحق ہے جس کی تاویل کرنا غلط ہے، چنانچہ مُعَطلَّہ نے اس کی تاویل ثواب دینے سے کی ہے، لیکن ایسی تاویلات ظاہر نصوص کے خلاف ہیں، لہذا اس سے مراد اللہ تعالیٰ کا حقیقی ہنسنا ہے جو اس ذات باری تعالیٰ کے لائق ہے۔
سلف صالحین کا موقف ہے کہ ایسی صفات کو ظاہر پر محمول کرتے ہوئے بلاچون وچرا تسلیم کیا جائے اور اسکے متعلق کوئی تاویل نہ کی جائے۔
واللہ المستعان۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7438