6980. حضرت ابو رافع ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ”پڑوسی اپنی ہمسائیگی کی وجہ سے زیادہ حق دار ہے۔“ (اس کے باوجود) بعض لوگوں نے کہا ہے: اگر کسی نے بیس ہزار درہم میں مکان خریدا تو (اسقاط حق شفعہ کے لیے) کرنے میں کوئی قباحت نہیں کہ بیس ہزار درہم کا سودا کرے لے، پھر مکان کے مالک نو ہزار نو سو ننانوے درہم نقد دے دے اور بیس ہزار میں سے باقی (دس ہزار ایک درہم کے عوض اسے ایک دینار دے۔ اس صورت میں اگر شفعہ کرنے والا اس مکان کے سلسلے میں کوئی اختیار نہیں ہوگا۔ پھر اگر مکان اور حق دار نکل آیا تو خریدار، فروخت کرنے والے سے وہی رقم واپس لے گا جو اس نے دی ہے اور نو ہزار سو ننانوے درہم اور ایک دینار ہے کیونکہ اس گھر کا جب اور کوئی حق دار نکل آیا تو بیع صرف جو دینار کے متعلق ہوئی تھی ختم ہو گئی۔ اور اگر اس گھر میں کوئی عیب ثابت ہوا اور اس کا کوئی دوسرا حق دار۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:6980]
حدیث حاشیہ: 1۔
حیلہ سازوں کی طرف سے حیلے کے ذریعے سے کسی کا حق شفعہ ختم کرنے کے لیے یہ چوتھی صورت ہے جس کا امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے بڑی شدت سے نوٹس لیا ہے اور اسے مکرو فریب سے تعبیر کیا ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حیلے کی صورت پر دو اعتراض کیے ہیں جوناقابل تردید ہیں۔
ان حضرات نے رد استحقاق اور ردعیب میں فرق روا رکھا ہے۔
حالانکہ دونوں صورتوں میں اس قیمت کا واپس کرنا ضروری ہے جو فروخت کرنے والے نے خریدار سے وصول کی ہے۔
اسی طرح شفعہ کرنے والے کے لیے بھی اس قدر قیمت سے شفعہ ہونا چاہیے جو خریدار نے نقد ادا کی ہے یعنی نو ہزار نو صد ننانوے درہم اور ایک دینار اور اصل عقد والا ثمن حیلہ یعنی بیس ہزار درہم اس کے ذمے ہر گز نہیں ہونی چاہیے۔
لیکن ان حضرات نے استحقاق اور عیب میں فرق کیا ہے کہ اگرخریدار نے کسی کے استحقاق کی وجہ سے گھر واپس کیا ہے تو فروخت کرنے والے کے ذمے صرف وہی رقم واپس کرنا لازم آتا ہے جو اس نے نقد وصول کی ہے لیکن اگر عیب کی وجہ سے بیع ختم کی ہے تو پھر بیچنے والے کے ذمے پوری کی پوری رقم واجب الادا ہوگی جو سودا کرتے وقت طے ہوئی تھی۔
اسی طرح اگر شفعہ کرنے والا اس گھر کو لینا چاہے تو وہ بھی پوری طے شدہ قیمت یعنی بیس ہزار درہم ادا کر کے اس مکان کو لے سکے گا۔
اور یہ صریح تناقص ہے۔
2۔
ان حضرات نے شفعہ کرنے والے اور فروخت کرنے والے کے درمیان دھوکا فریب اور حیلہ سازی کو جائز قرار دیا ہے کہ بیچنے والے نے حق شفعہ ختم کرنے کے لیے فروخت شدہ مکان کی قیمت میں ظاہری طور پر اضافہ کر دیا۔
پھر کچھ رقم تو نقد لے لی اور باقی میں سے ایک دینار کے بدلے عقد صرف کر لیا۔
جس کی وجہ سے شفعہ کرنے والے کو مکان کی اصل مالیت کے اعتبار سے انتہائی اضافے کی وجہ سے شفعہ ترک کرنا پڑا۔
حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ مسلمانوں کی خریدو فروخت میں نہ تو بیماری کا عیب ہو اور نہ کوئی خباثت و شرارت کا پہلو ہو اور نہ وہاں فریب و دھوکے ہی کا اندیشہ ہو لہٰذا حق شفعہ ختم کرنے کے لیے حیلہ سازوں کی طرف سے یہ حیلہ سراسر حدیث نبوی کے خلاف ہے۔
پھر ان حضرات کا جب ہر طرف سے راستہ بند ہوا تو جواز حیلہ کا چور دروازہ کھولا یعنی ان کے نزدیک جواز حیلہ اور نفاذ حیلہ دو الگ الگ چیزیں ہیں یعنی عدم جواز حیلہ کے باوجود اگر کوئی حماقت کی بنا پر ایسا کرے تو یہ حیلہ ہو جائے گا۔
حالانکہ جو چیز ناجائز ہے وہ سرے سے نافذ ہی نہیں ہوتی۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا یہی موقف ہے جسے انھوں نے شروع ہی سے اختیار کیا ہے۔
3۔
بہر حال یہ حیلہ شفعہ کرنے والے کا حق غیر مؤثر کرنے کے لیے کیا گیا ہے جو اثبات حق کے بجائے ابطال حق کے لیے ہے لہٰذا ایسا کرنا ناجائز اور حرام ہے۔
ہمارے رجحان کے مطابق راجح موقف یہ ہے کہ خریدار عیب یا استحقاق دونوں صورتوں میں بیچنے والے سے وہی رقم لینے کا حق دار ہوگا جو اس نے بیچنے والے کودی ہے اور وہ نو ہزار نو سو ننانوے درہم اور ایک دینار ہے اور اسی طرح شفعہ کرنے والا بھی یہی رقم دے کر اس مکان کو خریدارسے لے سکتا ہے۔
واللہ أعلم۔