صحيح البخاري
كِتَاب اسْتِتَابَةِ الْمُرْتَدِّينَ وَالْمُعَانِدِينَ وَقِتَالِهِمْ
کتاب: باغیوں اور مرتدوں سے توبہ کرانے کا بیان
8. بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لاَ تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى يَقْتَتِلَ فِئَتَانِ دَعْوَتُهُمَا وَاحِدَةٌ»:
باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد کہ قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی جب تک دو ایسی جماعتیں آپس میں جنگ نہ کر لیں جن کا دعویٰ ایک ہی ہو گا۔
حدیث نمبر: 6935
حَدَّثَنَا عَلِيٌّ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ، حَدَّثَنَا أَبُو الزِّنَادِ، عَنِ الْأَعْرَجِ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَا تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى تَقْتَتِلَ فِئَتَانِ دَعْوَاهُمَا وَاحِدَةٌ".
ہم سے علی بن عبداللہ مدینی نے بیان کیا، کہا ہم سے سفیان نے بیان کیا، کہا ہم سے ابوالزناد نے بیان کیا، ان سے اعرج نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی جب تک دو ایسے گروہ آپس میں جنگ نہ کریں جن کا دعویٰ ایک ہی ہو۔“
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 6935 کے فوائد و مسائل
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6935
حدیث حاشیہ:
(1)
ایک رویت میں ہے کہ دو بڑی جماعتوں کے درمیان جنگ عظیم ہوگی۔
(صحیح البخاري، الفتن، حدیث: 7121)
ان دونوں بڑی جماعتوں سے مراد حضرت علی اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہما کی جماعت ہے اور جنگ عظیم سے مراد جنگ صفین ہے۔
ان دونوں کا دعویٰ ایک، یعنی اسلام تھا۔
ان میں ہر گروہ یقین رکھتا تھا کہ وہ حق پر ہے۔
(2)
طبری کی روایت میں ہے کہ جب باغی گروہ، یعنی خوارج کا ظہور ہو گا تو ان دونوں جماعتوں میں سے جو حق کے زیادہ قریب ہوگی باغی لوگوں کو قتل کرے گی۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے اسی مناسبت سے مذکورہ عنوان اور پیش کردہ حدیث ذکر کی ہے۔
(فتح الباري: 378/12)
اس میں حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی تنقیص کا کوئی پہلو ثابت نہیں ہوتا کیونکہ اس کا دعویٰ اجتہاد پر مبنی تھا۔
مجتہد اگر خطا کار بھی ہوتو اسے ایک اجر ضرور ملتا ہے۔
(3)
بہرحال خوارج کے بارے میں نرم گوشہ نہیں رکھنا چاہیے۔
انھوں نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو کافر کہا، حالانکہ اس مقدس گروہ کو کافر کہنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تکذیب کرنا ہے۔
کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے جنتی ہونے کی گواہی دی ہے۔
واللہ أعلم
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6935