صحيح البخاري
كِتَاب اللِّبَاسِ
کتاب: لباس کے بیان میں
30. بَابُ الْحَرِيرِ لِلنِّسَاءِ:
باب: ریشم عورتوں کے لیے جائز ہے۔
حدیث نمبر: 5842
حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ، أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ، عَنِ الزُّهْرِيِّ، قَالَ: أَخْبَرَنِي أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ، أَنَّهُ" رَأَى عَلَى أُمِّ كُلْثُومٍ عَلَيْهَا السَّلَام، بِنْتِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بُرْدَ حَرِيرٍ سِيَرَاءَ".
ہم سے ابوالیمان نے بیان کیا، کہا ہم کو شعیب نے خبر دی، ان سے زہری نے بیان کیا، انہیں انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے خبر دی کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی ام کلثوم رضی اللہ عنہا کو زرد دھاری دار ریشمی جوڑا پہنے دیکھا۔
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 5842 کے فوائد و مسائل
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5842
حدیث حاشیہ:
ایک روایت میں ہے کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی حضرت زینب رضی اللہ عنہا کو دھاری دار ریشمی قمیص پہنے دیکھا۔
(سنن ابن ماجة، اللباس، حدیث: 3598)
لیکن یہ روایت شاذ ہے۔
محفوظ روایت میں حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا کا نام ہے۔
احادیث میں اس امر کی وضاحت ہے کہ سونا اور ریشم مردوں کے لیے حرام اور عورتوں کے لیے حلال ہے، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ریشم اپنے دائیں ہاتھ میں پکڑا اور سونا اپنے بائیں ہاتھ میں لیا، پھر فرمایا:
”بےشک یہ دونوں میری امت کے مردوں پر حرام ہیں۔
“ (سنن أبي داود، اللباس، حدیث: 4057)
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ آپ نے فرمایا:
”یہ دونوں میری امت کی عورتوں کے لیے حلال ہیں۔
“ (مسند أحمد: 392/4)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5842