Note: Copy Text and paste to word file

صحيح البخاري
كِتَاب الطِّبِّ
کتاب: دوا اور علاج کے بیان میں
33. بَابُ الرُّقَى بِفَاتِحَةِ الْكِتَابِ:
باب: سورۃ الفاتحہ سے دم کرنا۔
وَيُذْكَرُ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
‏‏‏‏ اس باب میں ابن عباس رضی اللہ عنہما نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک روایت کی ہے۔
حدیث نمبر: 5736
حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ، حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ، عَنْ أَبِي بِشْرٍ، عَنْ أَبِي الْمُتَوَكِّلِ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ:" أَنَّ نَاسًا مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَتَوْا عَلَى حَيٍّ مِنْ أَحْيَاءِ الْعَرَبِ فَلَمْ يَقْرُوهُمْ، فَبَيْنَمَا هُمْ كَذَلِكَ إِذْ لُدِغَ سَيِّدُ أُولَئِكَ، فَقَالُوا: هَلْ مَعَكُمْ مِنْ دَوَاءٍ أَوْ رَاقٍ، فَقَالُوا: إِنَّكُمْ لَمْ تَقْرُونَا وَلَا نَفْعَلُ حَتَّى تَجْعَلُوا لَنَا جُعْلًا، فَجَعَلُوا لَهُمْ قَطِيعًا مِنَ الشَّاءِ، فَجَعَلَ يَقْرَأُ بِأُمِّ الْقُرْآنِ، وَيَجْمَعُ بُزَاقَهُ، وَيَتْفِلُ، فَبَرَأَ فَأَتَوْا بِالشَّاءِ، فَقَالُوا: لَا نَأْخُذُهُ حَتَّى نَسْأَلَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَسَأَلُوهُ فَضَحِكَ، وَقَالَ: وَمَا أَدْرَاكَ أَنَّهَا رُقْيَةٌ خُذُوهَا وَاضْرِبُوا لِي بِسَهْمٍ".
مجھ سے محمد بن بشار نے بیان کیا، کہا ہم سے غندر نے، ان سے شعبہ نے، ان سے ابوبشر نے، ان سے ابوالمتوکل نے، ان سے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے چند صحابہ در حالت سفر عرب کے ایک قبیلہ پر گزرے۔ قبیلہ والوں نے ان کی ضیافت نہیں کی کچھ دیر بعد اس قبیلہ کے سردار کو بچھو نے کاٹ لیا، اب قبیلہ والوں نے ان صحابہ سے کہا کہ آپ لوگوں کے پاس کوئی دوا یا کوئی جھاڑنے والا ہے۔ صحابہ نے کہا کہ تم لوگوں نے ہمیں مہمان نہیں بنایا اور اب ہم اس وقت تک دم نہیں کریں گے جب تک تم ہمارے لیے اس کی مزدوری نہ مقرر کر دو۔ چنانچہ ان لوگوں نے چند بکریاں دینی منظور کر لیں پھر (ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ) سورۃ فاتحہ پڑھنے لگے اور اس پر دم کرنے میں منہ کا تھوک بھی اس جگہ پر ڈالنے لگے۔ اس سے وہ شخص اچھا ہو گیا۔ چنانچہ قبیلہ والے بکریاں لے کر آئے لیکن صحابہ نے کہا کہ جب تک ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے نہ پوچھ لیں یہ بکریاں نہیں لے سکتے پھر جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا تو آپ مسکرائے اور فرمایا تمہیں کیسے معلوم ہو گیا تھا کہ سورۃ فاتحہ سے دم بھی کیا جا سکتا ہے، ان بکریوں کو لے لو اور اس میں میرا بھی حصہ لگاؤ۔
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 5736 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5736  
حدیث حاشیہ:
بہت سے مسائل اور سورۃ فاتحہ کے فضائل کے علاوہ اس حدیث سے یہ بھی نکلا کہ تعلیم قرآن پر اجرت لینا بھی جائز ہے مگر نیت وقت صرف کرنے کی اجرت ہونا چاہیئے کیونکہ تعلیم قرآن اتنا بڑا عمل ہے کہ اس کی اجرت نہیں ہو سکتی۔
یہ بھی معلوم ہواکہ جو مسئلہ معلوم نہ ہو وہ جاننے والوں سے معلوم کر لینا ضروری ہے بلکہ تحقیق کرنا لازم ہے اوراندھی تقلید بالکل نا جائز ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5736   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5736  
حدیث حاشیہ:
(1)
سورۂ فاتحہ اصول دین اور اسمائے حسنیٰ پر مشتمل ہے۔
اس میں آخرت کا اثبات، توحید کا ذکر اور بندوں کی محتاجی کا بیان ہے کہ وہ صرف اللہ تعالیٰ سے مدد مانگتے اور اسی سے ہدایت طلب کرتے ہیں، نیز اس میں ایک بہترین دعا کا بیان ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ سے صراط مستقیم پر چلنے کی دعا کرتا ہے، پھر اس فاتحہ میں مخلوق کی قسموں کا ذکر ہے:
کچھ ایسے ہیں جن پر اللہ تعالیٰ کا انعام ہوا کیونکہ انہوں نے حق کو پہچانا اور اس کے مطابق عمل کیا۔
کچھ ایسے ہیں جنہوں نے حق کو پہچان کر اس کے مطابق عمل نہ کیا ان پر اللہ کا غضب ہوا اور کچھ گمراہ ہیں جنہوں نے حق کو پہچانا ہی نہیں۔
(2)
اس سورت میں تقدیر، شریعت، آخرت، توبہ، تزکیۂ نفس اور اصلاح قلب کا ذکر ہے۔
اس بنا پر یہ سورت اس قابل ہے کہ اس کے ذریعے سے ہر بیماری کے لیے اللہ تعالیٰ سے شفا طلب کی جائے۔
(فتح الباری: 10/244)
بہرحال معوذات کے علاوہ سورۂ فاتحہ سے بھی دم کیا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں یہ اکسیر کا درجہ رکھتی ہے۔
ہمارا تجربہ ہے کہ سورۂ فاتحہ سے دم کرنا ہر بیماری سے شفا کا ذریعہ ہے۔
واللہ المستعان
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5736