Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

صحيح البخاري
كِتَاب الذَّبَائِحِ وَالصَّيْدِ
کتاب: ذبیح اور شکار کے بیان میں
25. بَابُ مَا يُكْرَهُ مِنَ الْمُثْلَةِ وَالْمَصْبُورَةِ وَالْمُجَثَّمَةِ:
باب: زندہ جانور کے پاؤں وغیرہ کاٹنا یا اسے بند کر کے تیر مارنا یا باندھ کر اسے تیروں کا نشانہ بنانا جائز نہیں ہے۔
حدیث نمبر: 5516
حَدَّثَنَا حَجَّاجُ بْنُ مِنْهَالٍ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ، قَالَ: أَخْبَرَنِي عَدِيُّ بْنُ ثَابِتٍ، قَالَ: سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ يَزِيدَ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ" نَهَى عَنْ النُّهْبَةِ وَالْمُثْلَةِ".
ہم سے حجاج بن منہال نے بیان کیا، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا، کہا کہ مجھ کو عدی بن ثابت نے خبر دی، کہا کہ میں نے عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ سے سنا، انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے رہزنی کرنے اور مثلہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔

تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 5516 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5516  
حدیث حاشیہ:
یہ جملہ احادیث اسلام کی رحم و کرم کی پاکیزہ ہدایات پر بین دلیل ہیں جن کے خلاف عمل کرنے والے اسلام کے نزدیک ملعون ہیں جو معاندین اسلامی رحم وکرم کے منکر ہیں ان کو ایسی پاکیزہ تعلیمات پر غور و فکر کرنا چاہیئے۔
صاف ہدایت ہے ''ارحَمُوا مَن في الأرضِ یرحَمکُم مَن في السماءِ لوگو! تم زمین والوں پر رحم کرو تم پر آسمان والا رحم کرے گا سچ ہے:
کرو مہربانی تم اہل زمین پر خدا مہر باں ہوگا عرش بریں پر
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5516   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5516  
حدیث حاشیہ:
ان تمام احادیث میں اللہ تعالیٰ کی مخلوق پر رحم و کرم کرنے کی ہدایت ہے۔
ان کے خلاف عمل کرنے والے اسلام اور اہل اسلام کے ہاں ملعون ہیں۔
جو مخالفینِ اسلام کہتے ہیں کہ اسلام دہشت گردی کی تعلیم دیتا ہے انہیں اپنے آپ پر غور و فکر کرنا ہو گا، اسلام اس بات کی قطعاً اجازت نہیں دیتا کہ کسی حیوان کو بلا وجہ تنگ کیا جائے چہ جائیکہ اشرف المخلوقات حضرت انسان کو بلا وجہ گاجر مولی کی طرح کاٹ دیا جائے۔
واللہ المستعان
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5516   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2474  
2474. حضرت عبد اللہ بن یز یدانصاری ؓ سے روایت ہے۔ اور وہ ان (عدی بن ثابت)کے نانا تھے۔ انھوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے لوٹ مار کرنے اور مثلہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2474]
حدیث حاشیہ:
لوٹ مار کرنا، ڈاکہ ڈالنا، چوری کرنا اسلام میں سختی کے ساتھ ان کی مذمت کی گئی ہے اور اس کے لیے سخت ترین سزا تجویز کی گئی کہ چوری کرنے والے کے ہاتھ پیر کاٹ ڈالے جائیں، ڈاکوؤں، رہزنوں کے لیے اور بھی سنگین سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
تاکہ نوع انسانی امن و امان کی زندگی بسر کرسکے۔
انہی قوانین کی برکت ہے کہ آج بھی حکومت سعودیہ عربیہ کا امن ساری دنیا کی حکومت کے لیے ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے جب کہ جملہ مہذب لوگوں میں ڈاکہ زنی مختلف صورتوں میں دن بدن ترقی پذیر ہے۔
چوری کرنا بطور ایک پیشہ کے رائج ہو رہا ہے۔
عوام کی زندگی حد درجہ خوفناکی میں گزر رہی ہے۔
فوج پولس سب ایسے مجرموں کے آگے لاچارہیں۔
اس لیے کہ ان کے ہاں قانونی لچک حد درجہ ان کی ہمت افزائی کرتی ہے۔
مثلہ جنگ میں مقتول کے ہاتھ، پیر، کان کاٹ کر الگ الگ کردینا۔
اسلام نے اس حرکت سے سختی کے ساتھ روکا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2474   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2474  
2474. حضرت عبد اللہ بن یز یدانصاری ؓ سے روایت ہے۔ اور وہ ان (عدی بن ثابت)کے نانا تھے۔ انھوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے لوٹ مار کرنے اور مثلہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2474]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری ؒ کے قائم کردہ عنوان سے بعض حضرات نے یہ مسئلہ کشید کیا ہے کہ نکاح کے موقع پر چھوہاروں کی لوٹ کھسوٹ جائز ہے، حالانکہ ایسا کرنا انسانی وقار کے خلاف ہے اور دینِ اسلام میں وقار کا بھی ایک مقام ہے۔
اس کے جواز میں ایک روایت بھی پیش کی جاتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے لشکروں کو لوٹ مار سے منع کیا اور شادی بیاہ کے موقع پر اس کی اجازت دی ہے، اس کی سند کے متعلق امام بیہقی ؒ نے کہا ہے کہ اس کی سند میں عون اور عصمہ دو راوی ناقابل اعتبار ہیں۔
(عمدة القاري: 237/9)
اس بنا پر یہ حدیث ناقابل استدلال ہے۔
شادی بیاہ کے موقع پر اگر چھوہارے، بادام اور ٹافیاں وغیرہ کھلانی ہوں تو باعزت طریقے سے تقسیم کرنی چاہئیں، لیکن اسے سنت کا درجہ دینا محل نظر ہے۔
(2)
جنگ یا لڑائی کے موقع پر مقتول کی شکل و صورت بگاڑنے کا نام مثلہ ہے، اس طرح کہ اس کے کان، ناک وغیرہ کاٹ دیے جائیں۔
رسول اللہ ﷺ نے کافر دشمن سے بھی سلوک ایسا کرنے سے منع فرمایا، البتہ قصاصاً مثلے کا جواز ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2474