Note: Copy Text and to word file

صحيح البخاري
كِتَاب النَّفَقَاتِ
کتاب: خرچہ دینے کے بیان میں
5. بَابُ نَفَقَةِ الْمَرْأَةِ إِذَا غَابَ عَنْهَا زَوْجُهَا وَنَفَقَةِ الْوَلَدِ:
باب: کسی عورت کا شوہر اگر غائب ہو تو اس کی عورت کیونکر خرچ کرے اور اولاد کے خرچ کا بیان۔
حدیث نمبر: 5360
حَدَّثَنَا يَحْيَى، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ، عَنْ مَعْمَرٍ، عَنْ هَمَّامٍ، قَالَ: سَمِعْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:" إِذَا أَنْفَقَتِ الْمَرْأَةُ مِنْ كَسْبِ زَوْجِهَا عَنْ غَيْرِ أَمْرِهِ فَلَهُ نِصْفُ أَجْرِهِ".
ہم سے یحییٰ بن موسیٰ نے بیان کیا، کہا ہم سے عبدالرزاق نے بیان کیا، ان سے معمر بن راشد نے، ان سے ہمام بن عیینہ نے، کہا کہ میں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر عورت اپنے شوہر کی کمائی میں سے، اس کے حکم کے بغیر (دستور کے مطابق) اللہ کے راستہ میں خرچ کر دے تو اسے بھی آدھا ثواب ملتا ہے۔
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 5360 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5360  
حدیث حاشیہ:
یہ جب ہے کہ عورت کو مرد کی رضامندی معلوم ہو۔
اگر عورت دیانت دار نہیں ہے تو ایسے خرچ کے لیے اسے ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
آیت ﴿فَالصَّالِحَاتُ قَانِتَاتٌ حَافِظَاتٌ لِلْغَيْبِ﴾ (النساء: 34)
میں حفظ اللہ سے یہ امت ظاہر ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5360   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5360  
حدیث حاشیہ:
(1)
یہ اس صورت میں ہے جب عورت کو مرد کی رضا مندی معلوم ہو، نیز اگر عورت دیانت دار ہی نہیں تو اسے خرچ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس طرح کا صدقہ و خیرات واجب نہیں۔
اس کے باوجود بیوی کو خرچ کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن جو خرچ خاوند کے ذمے ہے اور اس پر واجب ہے، وہ تو بالاولیٰ لے سکتی ہے۔
(2)
صدقہ کرنے سے نصف ثواب عورت کو اس لیے ملتا ہے کہ جو طعام گھر میں موجود ہے، اس میں وہ خود بھی شریک ہے، اس لیے نصف اجر کی حق دار ٹھہرائی گئی ہے۔
(عمدة القاري: 371/14، 372)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5360   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1687  
´عورت کا اپنے شوہر کے مال سے صدقہ دینے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب عورت اپنے شوہر کی کمائی میں سے اس کی اجازت کے بغیر خرچ کرے تو اسے اس (شوہر) کا آدھا ثواب ملے گا ۱؎۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الزكاة /حدیث: 1687]
1687. اردو حاشیہ:
➊ گھر کے مالیات کی ترتیب وتنسیق کہ آمد وخرچ کاتوازن برقرار رہے۔شوہر کے واجبات میں سے ہے۔ اس لئے عرف وعادت سے بڑھ کر صدقہ کرنے کےلئے اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔صدقہ کردینے کے بعد اگر شوہر راضی ہو تو بیوی کےلئے نصف اجر ہے۔
➋ عرف وعادت سے مراد ہمسایوں کو معمول کا سالن کھانا پہنچانا یا سائل کو دینا ہے یابعض اتفاقی امور ہیں۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1687   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1046  
1046- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: جب کسی عورت کا شوہر موجود ہو، تو وہ عورت اس کی اجازت کے بغیر رمضان کے علاوہ اور کسی بھی دن روزہ نہ رکھے۔‏‏‏‏ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1046]
فائدہ:
اس حدیث میں خواتین کے لیے ایک بہت بڑا پیغام ہے کہ جب بھی نفلی روزہ رکھنا چاہے، پہلے اپنے خاوند سے اجازت لے لے، اگر اجازت ملے تب روزہ رکھے، ورنہ وہ روزہ نہ رکھے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ عورت ہر وقت اپنے خاوند کی اطاعت کے لیے تیار رہے، وہ دن اور رات کے کسی بھی حصے میں صحبت کی نیت سے بیوی کو بلا سکتا ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ خاوند بیوی کو بلائے اور وہ آگے سے روزے کا عذر پیش کر دے، کہ میں نے تو نفلی روزہ رکھا ہے، بیوی کا اپنے خاوند کی اجازت کے بغیر نفلی روزہ رکھنا ممنوع ہے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1046   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2066  
2066. حضرت ابوہریرۃ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "اگر عورت اپنے خاوند کی کمائی سے اس کے حکم (اجازت) کے بغیر خرچ کرے تو اسے خاوند کے ثواب کا نصف ملے گا۔ " [صحيح بخاري، حديث نمبر:2066]
حدیث حاشیہ:
مطلب یہ ہے کہ ایسی معمولی خیرات کرے کہ جس کو خاوند دیکھ بھی لے تو ناپسند نہ کرے، جیسے کھانے میں سے کچھ کھانا فقیر کو دے یا پھٹا پرانا کپڑا اللہ کی راہ میں دے ڈالے اور عورت قرائن سے سمجھے کہ خاوند کی طرف سے ایسی خیرات کے لیے اجازت ہے مگر اس نے صریح اجاز ت نہ دی ہو، بعض نے کہا مراد یہ ہے کہ عورت اس مال میں سے خرچ کرے جو خاوند نے اس کے لیے مقرر کر دیا ہو۔
بعض نسخوں میں یوں ہے کہ خاوند کو عورت کا آدھا ثواب ملے گا۔
قسطلانی نے کہا کہ ان دونوں توجیہوں میں سے کوئی توجیہ ضرور کرنا چاہئے ورنہ عورت اگر خاوند کا مال اس کی اجازت کے بغیر خرچ کر ڈالے تو ثواب کجا گناہ لازم ہوگا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2066   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2066  
2066. حضرت ابوہریرۃ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "اگر عورت اپنے خاوند کی کمائی سے اس کے حکم (اجازت) کے بغیر خرچ کرے تو اسے خاوند کے ثواب کا نصف ملے گا۔ " [صحيح بخاري، حديث نمبر:2066]
حدیث حاشیہ:
(1)
غیر مقسدة کا مطلب یہ ہے کہ بیوی اپنے شوہر کے مال کو ناجائز مقامات اور مصارف میں خرچ نہ کرے۔
(2)
یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ طعام اگر شوہر کا ہے تو عورت اسے خرچ نہیں کرسکتی اور اگر عورت کا ہے تو شوہر کا اس میں کوئی دخل نہیں۔
اس کا جواب یوں دیا گیا ہے کہ طعام شوہر کا ہوتا ہے مگر عادت یہ ہے کہ شوہر اپنی بیویوں کو گھر کے طعام سے فقراء ومساکین پر خرچ کرنے کی اجازت دیتے ہیں،نیز ایک سوال یہ بھی پیدا ہوسکتا ہے کہ جب عورت اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر خرچ کرے گی تو اسے ثواب کیونکر دیا جائے گا؟اس کا جواب یہ ہے کہ بعض اوقات شوہر نے خرچ کرنے کی اجازت تو دی ہوتی ہے مگر وہ موقع پر اسے خرچ کرنے کا حکم نہیں دیتا،اس صورت میں اسے نصف اجر ملے گا کیونکہ اجازت کے ساتھ اس کا حکم نہیں پایا گیا۔
بہرحال خاوند کا مال اس کی اجازت کے بغیر خرچ کرنے سے ثواب کے بجائے گناہ کا اندیشہ ہے بشرطیکہ خاوند اسے برا خیال کرتا ہو۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2066