مشكوة المصابيح
كِتَاب الْإِيمَانِ
ایمان کا بیان
چھ قسم کے ملعون
حدیث نمبر: 109
وَعَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا قَالَتْ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" سِتَّةٌ لَعَنْتُهُمْ وَلَعَنَهُمُ اللَّهُ وَكُلُّ نَبِيٍّ يُجَابُ: الزَّائِدُ فِي كِتَابِ اللَّهِ وَالْمُكَذِّبُ بِقَدَرِ اللَّهِ -[39]- وَالْمُتَسَلِّطُ بِالْجَبَرُوتِ لِيُعِزَّ مَنْ أَذَلَّهُ اللَّهُ وَيُذِلَّ مَنْ أَعَزَّهُ اللَّهُ وَالْمُسْتَحِلُّ لِحَرَمِ اللَّهِ وَالْمُسْتَحِلُّ مِنْ عِتْرَتِي مَا حَرَّمَ اللَّهُ وَالتَّارِكُ لِسُنَّتِي". رَوَاهُ الْبَيْهَقِيّ فِي الْمدْخل ورزين فِي كِتَابه
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہ بیان کرتی ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”چھ قسم کے لوگوں پر میں نے لعنت کی اور اللہ نے بھی ان پر لعنت کی، اور ہر نبی کی دعا قبول ہوتی ہے، اللہ کی کتاب میں اضافہ کرنے والا، اللہ کی تقدیر کو جھٹلانے والا، طاقت کے بل بوتے پر مسلط ہونے والا شخص تاکہ وہ کسی ایسے شخص کو معزز بنائے جسے اللہ نے ذلیل بنایا ہو، اور کسی ایسے شخص کو ذلیل بنا دے جسے اللہ نے معزز بنایا ہو، اللہ کے حرم کی بے حرمتی کرنے والا، میری اولاد کی بے حرمتی کرنے والا اور میری سنت کو ترک کرنے والا۔ “ اس حدیث کو بہیقی نے مدخل میں اور رزین نے اپنی کتاب میں ذکر کیا ہے۔
تخریج الحدیث: ´تحقيق و تخريج: محدث العصر حافظ زبير على زئي رحمه الله` «حسن، رواه البيهقي في المدخل (لم أجده، و رواه في شعب الإيمان: 4010، 4011) و رزين في کتابه (لم أجده) [والترمذي (2154) و صححه ابن حبان (الموارد: 52) والحاکم (1/ 36 علٰي اختلاف في السند) ووافقه الذهبي.]»
قال الشيخ الألباني: لم تتم دراسته
قال الشيخ زبير على زئي: حسن
مشکوۃ المصابیح کی حدیث نمبر 109 کے فوائد و مسائل
حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مشكوة المصابيح 109
تخریج:
[سنن ترمذي 2154]
تحقیق الحدیث:
یہ روایت نہ تو المدخل للبیہقی (مطبوع) میں ملی ہے اور نہ رزین کی کتاب کہیں سے دستیاب ہو سکی ہے،
لیکن اسے ترمذی [2154] بیہقی [شعب الایمان: 4010، 4011] ابن حبان [الاحسان: 5719 دوسرا نسخه: 5749] ابن ابی عاصم [السنة: 44، 337] طحاوی [مشكل الآثار 4؍366] اور حاکم [2؍525 ح3949، اتحاف المهره 17؍767 ح23197] نے اسے سند کے ساتھ بیان کیا ہے اور حاکم نے صحیح کہا ہے۔
↰ اس حدیث کی سند حسن لذاتہ ہے۔ عبدالرحمٰن بن ابی الموال صحیح بخاری کے راوی اور جمہور محدثین کے نزدیک ثقہ و صدوق ہیں، لہٰذا ان کی حدیث حسن کے درجے سے نہیں گرتی۔
عبیداللہ بن عبدالرحمٰن بن موہب جمہور کے نزدیک موثق راوی ہیں۔
↰ عبیداللہ بن عبدالرحمٰن بن موہب جمہور کے نزدیک موثق راوی ہیں۔ دیکھئے: [تهذيب التهذيت بحاشيتي ج7 ص 26۔ 27]
لہٰذا حسن الحدیث ہیں۔
↰ عمرہ بنت عبدالرحمٰن مشہور ثقہ روایہ ہیں۔
↰ بعض نے ابن موہب اور عمرہ کے درمیان ابوبکر بن محمد بن عمرو بن حزم کا واسطہ ذکر کیا ہے۔ دیکھئے: [المستدرك 36/1 ح 102، وقال: صحيح الاسناد]
↰ ابوبکر بن محمد صحیحین کے راوی اور ثقہ عابد تھے۔ دیکھئے: [تقريب التهذيب: 7988]
فقہ الحدیث:
➊ تشریح و تفسیر کے بغیر جان بوجھ کر کتاب اللہ کے الفاظ یا مفہوم میں سلف صالحین کے خلاف اضافہ کرنا حرام ہے۔
➋ تقدیر کا انکار حرام ہے۔
➌ اہل بیت کی عزت و احترام واجت (فرض) ہے۔ اہل بیت کی توہین کرنا لعنتیوں کا کام ہے اور یہ بھی واضح رہے کہ اہل بیت میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام بیویاں (امہات المؤمنین) بھی شامل ہیں۔
➍ سنت ضروریہ کو ترک کرنا حرام ہے جیسا کہ بعض لوگ داڑھی منڈواتے ہیں۔ عام سنتوں کو بھی استخفاف کی نیت سے ترک کرنا حرام ہے۔
➎ ہر مسلم پر لازم ہے کہ ہر حال میں ان تمام امور سے اپنے آپ کو بچائے جن پر اللہ اور رسول نے لعنت بھیجی ہے۔
➏ مطلقاً تارک سنت یعنی تمام سنتوں کا تارک ملعون ہے۔
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 109
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2154
´تقدیر سے متعلق ایک اور باب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”چھ قسم کے لوگ ایسے ہیں جن پر میں نے، اللہ تعالیٰ نے اور تمام انبیاء نے لعنت بھیجی ہے: اللہ کی کتاب میں اضافہ کرنے والا، اللہ کی تقدیر کو جھٹلانے والا، طاقت کے ذریعہ غلبہ حاصل کرنے والا تاکہ اس کے ذریعہ اسے عزت دے جسے اللہ نے ذلیل کیا ہے، اور اسے ذلیل کرے جسے اللہ نے عزت بخشی ہے، اللہ کی محرمات کو حلال سمجھنے والا، میرے کنبہ میں سے اللہ کی محرمات کو حلال سمجھنے والا اور میری سنت ترک کرنے والا۔“ [سنن ترمذي/كتاب القدر/حدیث: 2154]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(سند میں ”عبید اللہ بن عبد الرحمن“ ضعیف ہیں)
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2154