Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

الادب المفرد
كِتَابُ
كتاب
144. اللہ تعالیٰ سے اچھے اخلاق کی دعا کرنے کا بیان
اللہ تعالیٰ سے اچھے اخلاق کی دعا کرنے کا بیان
حدیث نمبر: 308
حَدَّثَنَا عَبْدُ السَّلامِ، قَالَ‏:‏ حَدَّثَنَا جَعْفَرٌ، عَنْ أَبِي عِمْرَانَ، عَنْ يَزِيدَ بْنِ بَابَنُوسَ قَالَ‏:‏ دَخَلْنَا عَلَى عَائِشَةَ فَقُلْنَا‏:‏ يَا أُمَّ الْمُؤْمِنِينَ، مَا كَانَ خُلُقُ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟‏ قَالَتْ‏:‏ كَانَ خُلُقُهُ الْقُرْآنَ، تَقْرَؤُونَ سُورَةَ الْمُؤْمِنِينَ‏؟‏ قَالَتِ‏:‏ اقْرَأْ‏:‏ ‏ ﴿قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ‏﴾ [المؤمنون: 1]، قَالَ يَزِيدُ‏:‏ فَقَرَأْتُ‏:‏ ‏ ﴿قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ‏﴾ إِلَى ﴿‏لِفُرُوجِهِمْ حَافِظُونَ‏﴾ [المؤمنون: 1-5]، قَالَتْ‏:‏ هَكَذَا كَانَ خُلُقُ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ.‏
یزید بن بابنوس سے روایت ہے کہ ہم ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی: ام المؤمنین! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق کیا تھا؟ انہوں نے فرمایا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق قرآن تھا۔ تم نے سورت مومنون پڑھی ہے؟ پھر فرمایا: پڑھو! یقیناً مومن فلاح پا گئے۔ یزید کہتے ہیں میں نے پڑھا: یقیناً مومن فلاح پا گئے . . . . . . اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرنے والے ہیں تک۔ انہوں نے فرمایا: یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق تھا۔

تخریج الحدیث: «ضعيف: رواه النسائي فى الكبرىٰ: 193/10 و الحاكم: 426/2 و البيهقي فى الدلائل: 309/1 و أبوالشيخ فى أخلاق النبى صلى الله عليه وسلم: 124/1»

قال الشيخ الألباني: ضعيف

الادب المفرد کی حدیث نمبر 308 کے فوائد و مسائل
  الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 308  
فوائد ومسائل:
(۱)اس روایت کی سند یزید کی وجہ سے ضعیف ہے، تاہم اس کا پہلا حصہ (کَانَ خُلُقُہ الْقُرآنَ)ایک دوسری سند سے صحیح مسلم وغیرہ میں موجود ہے۔ (صحیح مسلم، حدیث:۷۴۶)
(۲) آپ کا اخلاق قرآن تھا اس کے کئی مفہوم علماء نے بیان کیے ہیں:
٭ قرآن نے جن اخلاق حمیدہ کا ذکر کیا ہے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان سے متصف تھے، یعنی قرآن نے جن اعلیٰ اوصاف کو اختیار کرنے کا حکم دیا ہے آپ ان سے متصف تھے۔
٭ آپ قرآن کے او امر کو بجا لانے والے اور اس کی منہیات سے رکنے والے تھے۔ گویا کوئی شخص تلاوت کلام کے دوران اس کے او امر و نواہی پر غور کرے، ان کے عامل کا جو نقشہ ذہن میں بنے وہ آپ کا اخلاق ہے۔
٭ آپ کے اخلاق کا ذکر قرآن مجید میں ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿وَاِنَّكَ لَعَلَی خُلُقٍ عَظِیْمٍ﴾ (القلم:۴)
آپ عظیم اخلاق کے مالک ہیں۔
(۳) صحابہ کرام امہات المومنین سے علمی استفادہ کرتے تھے جس سے معلوم ہوا کہ کسی عالمہ سے کوئی مرد بھی پڑھ سکتا ہے بشرطیکہ شرعی حدود کی پاسداری کی جائے اور فتنے کا اندیشہ نہ ہو۔
(۴) اس سے قرآن کی قدر و منزلت کا پتہ چلتا ہے، نیز یہ کہ وہ علم و عمل کے لیے نازل ہوا ہے کہ اس کے او امر و نواہی کے مطابق خود کو ڈھالا جائے۔ اس لیے ہمیں آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خود کو قرآن کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔
(۵) حدیث کا باب سے تعلق اس طرح ہے کہ آپ نے حسن اخلاق کی دعا کی جیسا کہ دیگر روایات میں مروی ہے:((اللّٰهم کما حَسَّنْتَ خَلْقی فحَسِّن خُلُقِی))(الارواء حدیث:۷۴)تو اللہ تعالیٰ نے آپ کی دعا قبول فرمائی اور آپ کا اخلاق قرآن مجید بنا دیا۔ اس لیے جو آپ کی اقتدا کرنا چاہتا ہے اسے حسن اخلاق کی دعا کرنی چاہیے اور عملی کوشش کرنی چاہیے۔
   فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 308