Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

مسند اسحاق بن راهويه
كتاب الصلوٰة
نماز کے احکام و مسائل
امام کو جماعت مختصر کروانی چاہیے
حدیث نمبر: 156
أَخْبَرَنَا وَكِيعٌ، نا ابْنُ أَبِي خَالِدٍ، عَنْ أَبِيهِ، قَالَ: رَأَيْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ صَلَّى صَلَاةَ الْفَجْرِ تَجَوَّزَ فِيهَا، قَالَ: فَقُلْتُ: يَا أَبَا هُرَيْرَةَ هَكَذَا كَانَتْ صَلَاةُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: ((نَعَمْ، وَأَوْجَزَ)).
ابن ابی خالد نے اپنے والد سے روایت کیا، انہوں نے کہا: میں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو دیکھا انہوں نے فجر کی نماز پڑھی وہ اس میں اختصار کرتے تھے، میں نے کہا: ابوہریرہ! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس طرح نماز پڑھا کرتے تھے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں، اس سے بھی زیادہ مختصر۔

تخریج الحدیث: «مسند احمد: 472/2. مسندي حميدي، رقم: 987. اسناده حسن لغيره.»

مسند اسحاق بن راہویہ کی حدیث نمبر 156 کے فوائد و مسائل
   الشيخ حافظ عبدالشكور ترمذي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مسند اسحاق بن راهويه 156  
فوائد:
مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا امام کو مختصر جماعت کروانی چاہیے۔ مختصر کا مطلب یہ ہے کہ قرائت میں زیادہ طوالت، رکوع وسجود اور تشہد میں بہت زیادہ اذکار ودعاؤں سے اجتناب کرے۔
صحیح بخاری میں ہے سیدنا ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! میں فجر کی نماز میں تاخیر کر کے اس لیے شریک ہوتا ہوں کہ فلاں صاحب فجر کی نماز بہت طویل کر دیتے ہیں، اس پر آپ اس قدر غصہ ہوئے کہ میں نے نصیحت کے وقت اس دن سے زیادہ غضبناک آپ کو کبھی نہیں دیکھا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگو! تم میں بعض لوگ (نماز سے لوگوں کو) دور کرنے کا باعث ہیں، پس جو شخص امام ہو اسے ہلکی نماز پڑھنی چاہیے، اس لیے کہ اس کے پیچھے کمزور، بوڑھے اور ضرورت والے سب ہوتے ہیں۔ (بخاري، کتاب الاذان، رقم: 704)
جب اکیلا ہو تو آدمی جتنی چاہے لمبی نماز پڑھ سکتا ہے جیسا کہ (بخاري، رقم: 703۔ مسلم، رقم: 467) سے ثابت ہے۔
   مسند اسحاق بن راھویہ، حدیث/صفحہ نمبر: 156