Note: Copy Text and paste to word file

بلوغ المرام
كتاب الجامع
متفرق مضامین کی احادیث
2. باب البر والصلة
نیکی اور صلہ رحمی کا بیان
حدیث نمبر: 1261
وعن أبي ذر رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: «‏‏‏‏لا تحقرن من المعروف ولو أن تلقى أخاك بوجه طلق» .
سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کسی بھلے کام کو حقیر اور معمولی نہ سمجھو۔ خواہ اپنے بھائی سے کشادہ چہرے سے ملنا ہی کیوں نہ ہو۔ (اس کو مسلم نے روایت کیا ہے)۔

تخریج الحدیث: «أخرجه مسلم، البر والصلة، باب استحباب طلاقة الوجه عند اللقاء، حديث:2626.»

حكم دارالسلام: صحيح
بلوغ المرام کی حدیث نمبر 1261 کے فوائد و مسائل
   الشيخ عبدالسلام بن محمد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1261    
تخریج:
[مسلم البر والصلة 6690]،
[تحفة الاشراف 175/5]

فوائد:
نیکی کا کوئی بھی کام معمولی نہیں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
«وَمَا تَفْعَلُوا مِنْ خَيْرٍ فَإِنَّ اللَّـهَ بِهِ عَلِيمٌ» [2-البقرة:215]
اور تم جو بھلائی بھی کرو اللہ تعالیٰ اسے جاننے والا ہے۔
اور فرمایا:
«فَمَن يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَرَهُ» [99-الزلزلة:7]
پس جو شخص ایک ذرے کے برابر بھلائی کرے وہ اسے دیکھ لے گا۔
   شرح بلوغ المرام من ادلۃ الاحکام کتاب الجامع، حدیث/صفحہ نمبر: 92   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 1833  
´سالن میں پانی زیادہ کرنے کا بیان۔`
ابوذر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم لوگوں میں سے کوئی شخص کسی بھی نیک کام کو حقیر نہ سمجھے، اگر کوئی نیک کام نہ مل سکے تو اپنے بھائی سے مسکرا کر ملے ۱؎، اور اگر تم گوشت خریدو یا ہانڈی پکاؤ تو شوربا (سالن) بڑھا لو اور اس میں سے چلو بھر اپنے پڑوسی کو دے دو۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/كتاب الأطعمة/حدیث: 1833]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اپنے مسلمان بھائی سے مسکرکر ملنا اسے دلی سکون پہنچاناہے،
یہ بھی ایک نیک عمل ہے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1833   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6690  
حضرت ابو ذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نےمجھے فرمایا:"کسی نیکی کو کم تر (حقیر)خیال نہ کرو،اگرچہ اپنے بھائی کو کشادہ چہرے سے ملنا ہی ہو۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6690]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
چونکہ نیکی،
نیکی کے لیے راستہ ہموار کرتی ہے،
اس لیے شیطان،
انسان کو نیکی سے محروم رکھنے کے لیے،
اس کے دل میں یہ بات ڈال دیتا ہے تو نے بڑے بڑے گناہ کیے ہیں،
کوئی بڑی نیکی نہیں کی ہے،
تمہیں اس چھوٹی سی نیکی کرنے سے کیا حاصل ہو گا،
حالانکہ بسا اوقات،
اخلاص اور نیک نیتی سے کی گئی چھوٹی سی نیکی انسان کی کایا پلٹ دیتی ہے،
بڑی نیکیوں کا راستہ ہموار کر دیتی ہے،
گناہوں کی بخشش کا باعث بن جاتی ہے اور بدی کا راستہ روک لیتی ہے،
جیسا کہ ایک عورت کی کایا،
محض کتے کو پانی پلانے سے پلٹ گئی تھی،
دوسرے کے لیے ایک کانٹے دار شاخ کے راستہ سے ہٹانے نے جنت کی راہ ہموار کی تھی،
اس لیے کسی نیکی کو کم تر سمجھ کر اس سے باز نہیں رہنا چاہیے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6690