تخریج: «أخرجه أبوداود، الأطعمة، باب في أكل حشرات الأرض، حديث:3799، وأحمد:2 /381، عيسي بن نميلة وأبوه مجهولان، والشيخ مجهول، والحديث ضعفه الخطابي وغيره.»
تشریح:
1.اس حدیث سے خار پشت‘ یعنی سیہہ کی حرمت ثابت ہوتی ہے۔
امام ابوحنیفہ اور امام احمد رحمہما اللہ کی یہی رائے ہے۔
مگر یہ حدیث ضعیف ہے جیسا کہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اور دیگر محققین نے صراحت کی ہے۔
2.امام مالک اور ابن ابی یعلی رحمہما اللہ کا خیال ہے کہ یہ حلال ہے کیونکہ حرمت کی کوئی صحیح دلیل نہیں۔
(سبل السلام)‘ نیز شیخ ابن باز رحمہ اللہ اس کی بابت لکھتے ہیں کہ زیادہ صحیح قول یہ ہے کہ یہ حلال ہے کیونکہ حیوانات کے بارے میں اصل حلت ہے اور ان میں صرف وہی حرام ہیں جنھیں شریعت نے حرام قرار دیا ہے اور اس کی بابت شریعت میں کوئی ایسی دلیل وارد نہیں جس سے یہ معلوم ہوتا ہو کہ یہ جانور حرام ہے۔
مزید لکھتے ہیں کہ یہ خرگوش اور ہرن کی طرح نباتات کھاتا ہے اور کچلی سے شکار کرنے والے درندوں میں سے بھی نہیں ہے‘ لہٰذا اس کے حرام ہونے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔
یہ مذکورہ حیوان سیہہ کی قسموں میں سے ایک قسم ہے‘ اسے
”دلال
“ کے نام سے بھی موسوم کیا جاتا ہے‘ جبکہ مذکورہ روایت علمائے محققین کے نزدیک سنداً ضعیف ہے۔
دیکھیے:
(فتاویٰ اسلامیہ‘ جلد: سوم‘ طبع دارالسلام) بنابریں دلائل کی رو سے امام مالک اور شیخ ابن باز رحمہما اللہ کا موقف ہی راجح معلوم ہوتا ہے۔
واللّٰہ أعلم۔