Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

بلوغ المرام
كتاب الزكاة
زکوٰۃ کے مسائل
4. باب قسم الصدقات
صدقات کی تقسیم کا بیان
حدیث نمبر: 525
وعن أبي رافع رضي الله عنه،‏‏‏‏ أن النبي صلى الله عليه وآله وسلم بعث رجلا على الصدقة من بني مخزوم،‏‏‏‏ فقال لأبي رافع: اصحبني،‏‏‏‏ فإنك تصيب منها،‏‏‏‏ فقال: لا حتى آتي النبي صلى الله عليه وآله وسلم فأسأله فأتاه فسأله،‏‏‏‏ فقال: «‏‏‏‏مولى القوم من أنفسهم،‏‏‏‏ وإنا لا تحل لنا الصدقة» .‏‏‏‏ رواه أحمد والثلاثة وابن خزيمة وابن حبان.
سیدنا ابورافع رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بنو مخزوم کے ایک آدمی کو زکٰوۃ کی وصولی پر مقرر فرمایا۔ اس نے ابورافع رضی اللہ عنہ کو کہا کہ تم میرے ساتھ چلو تجھے اس میں سے کچھ حصہ مل جائے گا۔ اس نے کہا میں نہیں جاؤں گا تاوقتیکہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر اس بارے میں دریافت نہ کر لوں۔ چنانچہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا قوم کا غلام بھی انہیں میں شمار ہوتا ہے اور ہمارے لئے صدقہ (زکٰوۃ) حلال نہیں ہے۔ اسے احمد اور تینوں نے روایت کی ہے اور ابن خزیمہ اور ابن حبان نے بھی۔

تخریج الحدیث: «أخرجه أبوداود، الزكاة، باب الصدقة علي بني هاشم، حديث:1650، والترمذي، الزكاة، حديث:657، والنسائي، الزكاة، حديث:2613، وأحمد:3 /448، 4 /320، وابن خزيمة:4 /58، حديث:2344، وابن حبان (الإحسان):5 /124، حديث:3282.»

حكم دارالسلام: صحيح

بلوغ المرام کی حدیث نمبر 525 کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 525  
لغوی تشریح 525:
بَعَثَ رَجُلًا آپ نے ایک آدمی کو بھیجا، اس آدمی سے مراد حضرت ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں۔
تُصِیبُ مِنھَا اس حاصل شدہ صدقے میں سے تو اس کا معاوضہ اور اجرت لے لینا۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ بنوھاشم کے آزادکردہ غلاموں پر بھی زکاۃ حرام ہے۔

فائدہ 525:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ جس آدمی کے لیے خود زکاۃ لینا حرام ہے، اسی طرح اس کے غلام پر بھی حرام ہے۔ حضرت ابورافع رضی اللہ تعالیٰ عنہ چونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام تھے، اس لیے ان کے لیے بھی زکاۃ لینا حرام تھا۔

راوئ حدیث:
حضرت ابورافع رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کے نام میں مختلف اقوال ہیں، چنانچہ انکا نام اسلم تھا یا ہرمز یا ثابت یا ابراھیم۔ قبطی تھے۔ یہ دراصل حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے غلام تھے۔ انہوں نے انہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ھبہ کر دیا تھا۔ انہوں نے غزوۂ بدر سے پہلے ایمان قبول کر لیا تھا مگر اس میں شریک نہیں ہوے، احد اور بعد کے غزوات میں شریک رہے۔ جب حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسلام قبول کیا تو ان کے اسلام قبول کرنے کی بشارت ابورافع رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس مقام پر اسے آزاد فرمادیا۔ 36 ہجری میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خلافت کے شروع میں مدینہ میں وفات پائی۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 525   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1650  
´بنی ہاشم کو صدقہ دینا کیسا ہے؟`
ابورافع رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بنی مخزوم کے ایک شخص کو صدقہ وصول کرنے کے لیے بھیجا، اس نے ابورافع سے کہا: میرے ساتھ چلو اس میں سے کچھ تمہیں بھی مل جائے گا، انہوں نے کہا: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جا کر پوچھ لوں، چنانچہ وہ آپ کے پاس آئے اور دریافت کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قوم کا غلام انہیں ۱؎ میں سے ہوتا ہے اور ہمارے لیے صدقہ لینا حلال نہیں۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الزكاة /حدیث: 1650]
1650. اردو حاشیہ:
➊ نبی ﷺ اور آپ کی آل کےلئے صدقات حلال نہیں ہیں۔اور اس میں بنو ہاشم اور بنو مطلب آتے ہیں۔آپ نے اپنے موالی کو بھی اسی حکم میں شامل فرمایا ہے۔حتیٰ کہ انہیں ایسی ملازمت کی بھی اجازت نہیں دی۔جس میں صدقہ کامال ملتا ہو خواہ بالواسطہ ہی سہی۔
➋ صحابہ کرامرضوان اللہ عنہم اجمعین حلال وحرام کے معاملے میں از حد حساس تھے۔حضرت ابو رافع رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نبی کریم ﷺ سے اجازت لئے بغیر صدقات کےلئے عامل بننا پسند نہیں کیا۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1650