وعن ابن عباس رضي الله عنهما أن النبي صلى الله عليه وآله وسلم صلى يوم العيد ركعتين لم يصل قبلهما ولا بعدهما. أخرجه السبعة.
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1587
´خطبہ سے فارغ ہو کر امام کا عورتوں کو نصیحت کرنے اور انہیں صدقہ و خیرات پر ابھارنے کا بیان۔`
عبدالرحمٰن بن عابس کہتے ہیں میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہم سے سنا کہ ایک آدمی نے ان سے پوچھا: کیا آپ عیدین کے لیے جاتے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ موجود تھے؟ تو انہوں نے کہا: جی ہاں، اور اگر میری آپ سے قرابت نہ ہوتی تو میں آپ کے ساتھ نہ ہوتا یعنی اپنی کم سنی کی وجہ سے، آپ اس نشان کے پاس آئے جو کثیر بن صلت کے گھر کے پاس ہے، تو آپ نے (وہاں) نماز پڑھی، پھر خطبہ دیا، پھر آپ عورتوں کے پاس آئے، اور انہیں بھی آپ نے نصیحت کی اور (آخرت کی) یاد دلائی، اور صدقہ کرنے کا حکم دیا، تو عورتیں اپنا ہاتھ اپنے گلے کی طرف بڑھانے (اور اپنا زیور اتار اتار کر) بلال رضی اللہ عنہ کے کپڑے میں ڈالنے لگیں۔ [سنن نسائي/كتاب صلاة العيدين/حدیث: 1587]
1587۔ اردو حاشیہ:
➊ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے یہ سوال اس لیے کیا گیا کہ وہ اس وقت بالغ نہیں تھے اور بچے عام طور پر اس عمر میں عبادات کے بجائے کھیلوں میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں اور اگر عبادات میں شامل بھی ہوں تو امام صاحب سے پچھلی صفوں ہی میں رہتے ہیں مگر ابن عباس رضی اللہ عنہما کی تو بات ہی اور تھی۔
➋ ”نشان“ سوال و جواب کے وقت یہ جگہ مصلیٰ نہ رہی تھی بلکہ وہاں حضرت کثیر بن صلت تابعی کا گھر بن چکا تھا، البتہ بطور یادگار وہاں نشان تھا۔ آپ کے دور میں وہاں کھلا میدان تھا جہاں عیدوجنازہ وغیرہ پڑھے جاتے تھے۔
➌ عورتوں سے الگ خطاب کے سلسلے میں دیکھیے، حدیث نمبر: 1576کا فائدہ نمبر2۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1587
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1588
´نماز عیدین سے پہلے اور اس کے بعد نفلی نماز پڑھنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم عید کے دن نکلے، تو آپ نے دو رکعت نماز پڑھی، نہ تو ان سے پہلے کوئی نماز پڑھی، اور نہ ہی ان کے بعد۔ [سنن نسائي/كتاب صلاة العيدين/حدیث: 1588]
1588۔ اردو حاشیہ: دورکعتوں سے مراد عید کی دورکعتیں ہیں نماز عید سے پہلے اور بعد میں نفل نماز پڑھنے یا نہ پڑھنے سے متعلق بحث پیچھے گزر چکی ہے، تاہم نماز عید کے بعد واپس گھر آکر نوافل پڑھنے کی اجازت ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عید کی نماز کے بعد گھر میں دو رکعت پڑھنا ثابت ہے۔ واللہ اعلم۔ مزید دیکھیے، حدیث: 1562 کے فوائدومسائل اور اسی کتاب کا ابتدائیہ۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1588
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1147
´عید میں اذان نہ دینے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کی نماز بغیر اذان اور اقامت کے پڑھی اور ابوبکر اور عمر یا عثمان رضی اللہ عنہم نے بھی، یہ شک یحییٰ قطان کو ہوا ہے۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1147]
1147۔ اردو حاشیہ:
یہ ر وایت معناًً صحیح ہے۔ اسی لئے شیخ البانی رحمہ الله نے اس کی تصیح کی ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1147
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1159
´نماز عید کے بعد نفل پڑھنے کی ممانعت۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید الفطر کے دن نکلے تو آپ نے دو رکعت پڑھی، نہ اس سے پہلے کوئی نماز پڑھی اور نہ اس کے بعد، پھر عورتوں کے پاس تشریف لائے اور آپ کے ساتھ بلال رضی اللہ عنہ بھی تھے، آپ نے انہیں صدقہ کا حکم دیا تو عورتیں اپنی بالیاں اور اپنے ہار (بلال رضی اللہ عنہ کے کپڑے میں نکال نکال کر) ڈالنے لگیں۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1159]
1159. اردو حاشیہ:
عید کے روز عیدگاہ میں کوئی نفل نہیں نہ عید سے پہلے نہ بعد۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1159
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1273
´عیدین کی نماز کا بیان۔`
عطاء کہتے ہیں کہ میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو کہتے سنا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبے سے پہلے نماز ادا کی، پھر خطبہ دیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے محسوس کیا کہ عورتوں تک آواز نہیں پہنچ سکی ہے لہٰذا آپ ان کے پاس آئے، ان کو (بھی) وعظ و نصیحت کی، اور انہیں صدقہ و خیرات کا حکم دیا، اور بلال رضی اللہ عنہ اپنے دونوں ہاتھوں سے اپنا دامن پھیلائے ہوئے تھے جس میں عورتیں اپنی بالیاں، انگوٹھیاں اور دیگر سامان ڈالنے لگیں ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1273]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
گواہی کا مطلب یہ ہے کہ انھیں یہ سب کچھ اچھی طرح یاد ہے اور وہ پورے وثوق سے بیان کر رہے ہیں۔
جس طرح گواہ وہی بات کہتا ہے۔
جو اسے خوب اچھی طرح یاد ہو۔
اور اس میں اسے کوئی شک نہ ہو۔
(2)
عید الفطر اورعید الاضحیٰ میں پہلے نماز پھر خطبہ ہوتا ہے۔
جب کہ جمعے میں اس کے برعکس ہے۔
(3)
اگر کسی مقام پر لاؤڈ سپیکر کا بندوبست نہ ہوسکے۔
اور امام ضرورت محسوس کرے تو عورتوں کو الگ سے وعظ ونصیحت کی جا سکتی ہے۔
(5)
عورتیں اپنے ذاتی مال میں سے خاوند کی اجازت کے بغیر بھی صدقہ کرسکتی ہیں۔
اور خاوند کے مال میں سے اس کی اجازت سے صدقہ کرسکتی ہیں۔
خواہ اس نے صراحت سے اجازت دے رکھی ہو یا زیادہ گمان یہ ہو کہ خاوند اس صدقے سے ناراض نہیں ہوگا۔
یہ بھی اجازت ہی کے حکم میں ہے۔
(6)
بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے ہاتھ اس طرح کیے ہوئے تھے۔
راوی نے اشارہ کرکے بتایا اس کا مطلب یہ ہے کہ حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھ میں کپڑا تھا۔
جوانہوں نے پھیلا رکھا تھا۔
تاکہ اس میں نقدی یا دوسری چیزیں ڈالی جا سکیں۔
(7)
مرد کسی ضرورت کے تحت عورتوں کے اجتماع میں جا سکتا ہے۔
بشرط یہ کہ کوئی غلط فہمی پید ا ہونے کا یا نامناسب نتائج نکلنے کا خدشہ نہ ہو۔
(8)
عورتیں عید کے موقع پر زیور پہن سکتی ہیں۔
(9(عورتوں کا انگوٹھیاں اور بالیاں پہننا جائز ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1273
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1274
´عیدین کی نماز کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کے دن بغیر اذان اور اقامت کے نماز پڑھی۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1274]
اردو حاشہ:
فائده:
عید کی نماز بلا اذان واقامت پڑھنا ضروری ہے دوسری نمازوں پر قیا س کرکے اس کے لئے اذان واقامت کا اہتما م کرنا جائز نہیں کیونکہ جو کام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں کرنا ممکن تھا اور اس کے اسباب بھی موجود تھے پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ کام نہیں کیا۔
تو بعد کے زمانے میں وہ کام کرنا بدعت ہوگا۔
اگرچہ بظاہر وہ نیکی کا کام ہو
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1274
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1291
´عید سے پہلے اور اس کے بعد نماز پڑھنا کیسا ہے؟`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید گاہ کی طرف گئے تو آپ نے لوگوں کو عید کی نماز پڑھائی، اور اس سے پہلے یا بعد کوئی اور نماز نہ پڑھی۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1291]
اردو حاشہ:
فائده:
جس طرح فرض نماز سے پہلے اور بعد میں نفل نمازیں ہیں۔
جنھیں سنت مؤکدہ یاغیر مؤکدہ کہا جاتا ہے۔
نماز عید کے ساتھ اس قسم کی کوئی نماز مسنون نہیں۔
اس موقع پر ایسی کوئی نماز نہ پڑھنا ہی سنت ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1291
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 977
977. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، ان سے پوچھا گیا: کیا آپ نبی ﷺ کے ہمراہ نماز عید میں شریک ہوئے ہیں؟ تو انہوں نے فرمایا: اگر میرا چھوٹے ہونے کی وجہ سے آپ ﷺ کے ہاں مرتبہ اور مقام نہ ہوتا تو میں عید کا مشاہدہ نہ کر سکتا، بہرحال آپ (نماز عید کے لیے) نکلے یہاں تک کہ اس نشان کے پاس آئے جو کثیر بن صلت کے گھر کے پاس تھا، نماز پڑھی، پھر خطبہ دیا، اس کے بعد آپ عورتوں کے پاس تشریف لائے، آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ بھی تھے، آپ نے ان عورتوں کو وعظ و نصیحت فرمائی اور صدقے کا حکم دیا، چنانچہ میں نے عورتوں کو دیکھا کہ وہ اپنے ہاتھ جھکا کر اپنے زیورات حضرت بلال ؓ کے کپڑے میں ڈالتی تھیں۔ اس کے بعد آپ ﷺ اور حضرت بلال ؓ اپنے گھر کی طرف روانہ ہو گئے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:977]
حدیث حاشیہ:
کثیربن صلت کا مکان آنحضرت ﷺ کے بعد بنایا گیا۔
ابن عباس ؓ نے لوگوں کو عید گاہ کا مقام بتانے کے لیے اس کا پتہ دیا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 977
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1431
1431. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا:نبی کریم ﷺ عیدکے دن باہر تشریف لائے دو رکعت نماز پڑھائی جبکہ اس کے پہلے اور بعد کوئی نماز نہ پڑھی، پھر آپ نے عورتوں کی طرف توجہ دلائی، حضرت بلال ؓ آپ کے ہمراہ تھے، چنانچہ آپ نے عورتوں کو وعظ ونصیحت فرمائی اورانھیں صدقہ دینے کا حکم دیا تو عورتوں نے اپنے کنگن اور بالیاں (حضرت بلال ؓ کے کپڑے میں) ڈالنی شروع کردیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1431]
حدیث حاشیہ:
باب کی مطابقت ظاہر ہے، کیونکہ آنحضرت ﷺ نے عورتوں کو خیرات کرنے کے لیے رغبت دلائی۔
اس سے صدقہ اور خیرات کی اہمیت پر بھی اشارہ ہے۔
حدیث میں آیا ہے کہ صدقہ اللہ پاک کے غضب اور غصہ کو بجھا دیتا ہے۔
قرآن پاک میں جگہ جگہ انفاق فی سبیل اللہ کے لیے ترغیبات موجود ہیں۔
فی سبیل اللہ کا مفہوم بہت عام ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1431
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5249
5249. سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ان سے کسی آدمی نے پوچھا: کیا تم عید الاضحیٰ یا عید الفطر کے موقع پر رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں اور اگر میرا مقام و مرتبہ آپ ﷺ کے ہاں نہ ہوتا تو میں اپنی صغر سنی کی وجہ سے ایسے موقع پر حاضر نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ باہر تسریف لے گئے، لوگوں کو نماز عید پڑھائی اور خطبہ دیا۔ انہوں نے اس نماز کے لیے اذان و اقامت کا ذکر نہیں کیا۔ پھر آپ عورتوں کے پاس آئے انہیں وعظ و نصحیت فرمائی، نیز انہیں صدقہ و خیرات کرنے کا حکم دیا۔ میں نے ان کو دیکھا کہ وہ اپنے کانوں اور گلے کی طرف ہاتھ بڑھا رہی تھیں۔ اپنے زیورات سیدنا بلال کے حوالے کر رہی تھیں۔ اس کے بعد آپ ﷺ اور سیدنا بلال ؓ دونوں اپنے گھر واپس تشریف لے آئے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5249]
حدیث حاشیہ:
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما بچے تھے، انہوں نے عورتوں کے کان اور گلے دیکھے۔
باب اور حدیث میں یہی مطابقت ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5249
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1449
1449. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا:میں رسول اللہ ﷺ کے متعلق گواہی دیتا ہوں کہ یقیناً آپ نے خطبہ عید سے پہلے نماز عید پڑھی اور آپ کو خیال ہواکہ میں عورتوں کو وعظ نہیں سنا سکا ہوں، اس لیے آپ عورتوں کے پاس تشریف لائے اور آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ اپنا کپڑا پھیلائے ہوئے تھے، چنانچہ آپ نے عورتوں کو وعظ فرمایا اور انھیں صدقہ کرنے کا حکم دیا تو عورتیں (اپنےہار وغیرہ) ڈالنے لگیں۔ یہ حدیث بیان کرتے وقت ایوب راوی نے اپنے کان اور گلے کی طرف اشارہ کیا، یعنی بالیاں اور ہار بطور صدقہ دینے لگیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1449]
حدیث حاشیہ:
حضرت امام بخاری ؒ نے مقصد باب کے لیے اس سے بھی استدلال کیا کہ عورتوں نے صدقہ میں اپنے زیورات پیش کئے جن میں بعض زیور چاندی سونے کے نہ تھے
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1449
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5883
5883. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے عید کے روز دو رکعت پڑھائیں۔ آپ نے ان سے پہلےیا بعد کوئی نفل نماز ادا نہیں کی۔ پھر آپ عورتوں کی طرف تشریف لے گئے۔ آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ بھی تھے آپ ﷺ نے انہیں (عورتوں کو) صدقہ کرنے کا حکم دیا تو وہ اپنی بالیاں بلال ؓ کی جھولی میں ڈالنے لگیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5883]
حدیث حاشیہ:
حدیث میں بالیاں صدقہ میں دینے کا ذکر ہے یہی باب سے مناسبت ہے یہ بھی معلوم ہوا کہ عہد نبوی میں مستورات نماز عید میں عام مسلمانوں کے ساتھ عید گاہ میں شرکت کیا کرتی تھیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5883
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7325
7325. سیدنا ابن عباس ؓ سے روایت ہے ان سے پوچھا گیا: تم نبی ﷺ کے ہمراہ عید میں حاضر تھے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں میں اس وقت کم سن تھا۔ اگر آپ ﷺ کا تعلق دار نہ ہوتا تو بچپن کے باعث حاضر نہ ہوسکتا۔ آپ ﷺ گھر سے نکل کر اس نشان کے پاس آئے جو کثیر بن صلت کے مکان کے پاس ہے۔ وہاں آپ نے نماز عید پڑھائی پھر خطبہ دیا۔۔۔۔۔ انہوں نے اذان اور اقامت کا ذکر نہیں کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔پھر آپ نے صدقہ دینے کا حکم دیا تو عورتیں اپنے کانوں اور گریبانوں کی طرف ہاتھ بڑھانے لگیں۔ آپ ﷺ نے سیدنا بلال ؓ کو حکم دیا کہ وہ عورتوں کے پاس آئے۔ پھر وہ (ان سے صدقات لے کر) نبی ﷺ کے پاس واپس چلے گئے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7325]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث کی منا سبت باب سے یہ ہے کہ اس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا کثیر بن صلت کے گھر کے پاس تشریف لے جانا اور وہاں عید کی نماز پڑھنا مذکور ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7325
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 989
989. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ عیدالفطر کے دن باہر تشریف لے گئے۔ ہاں دو رکعت نماز عید پڑھی لیکن اس سے پہلے اور اس کے بعد کچھ نہیں پڑھا۔ آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:989]
حدیث حاشیہ:
علامہ شوکانی ؒ فرماتے ہیں:
قَوْلُهُ:
(لَمْ يُصَلِّ قَبْلَهَا وَلَا بَعْدَهَا)
فِيهِ وَفِي بَقِيَّةِ أَحَادِيثِ الْبَابِ دَلِيلٌ عَلَى كَرَاهَةِ الصَّلَاةِ قَبْلَ صَلَاةِ الْعِيدِ وَبَعْدَهَا، وَإِلَى ذَلِكَ ذَهَبَ أَحْمَدُ بْنُ حَنْبَلٍ، قَالَ ابْنُ قَدَامَةَ:
وَهُوَ مَذْهَبُ ابْنِ عَبَّاسٍ وَابْنِ عُمَرَ. (نیل الأوطار)
یعنی اس حدیث اور اس بارے میں دیگر احادیث سے ثابت ہوا کہ عید کی نماز کے پہلے اور بعد نفل نماز پڑھنی مکروہ ہے۔
امام احمد بن حنبل کا بھی یہی مسلک ہے اور بقول ابن قدامہ حضرت عبد اللہ بن عباس اور حضرت عبداللہ بن عمر اور حضرت علی وحضرت عبد اللہ بن مسعود اور بہت سے اکابر صحابہ وتابعین کا بھی یہی مسلک ہے۔
امام زہری ؒ فرماتے ہیں:
لم أسمع أحدا من علماء نا یذکر أن أحدا من سلف ھذہ الأمة کان یصلي قبل تلك الصلوة ولا بعدھا۔
(نیل الأوطار)
یعنی اپنے زمانہ کے علماءمیں میں نے کسی عالم سے نہیں سنا کہ سلف امت میں سے کوئی بھی عید سے پہلے یا بعد میں کوئی نفل نماز پڑھتا ہو۔
ہاں عید کی نماز پڑھ کر اور واپس گھر آکر گھر میں دو رکعت نفل پڑھنا ثابت ہے جیسا کہ ابن ماجہ میں حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ سے ثابت ہے۔
وہ فرماتے ہیں:
عن النبي صلی اللہ علیه وسلم أنه کان لا یصلي قبل العید شیئا فإذا رجع إلی منزله صلی رکعتین رواہ ابن ماجة وأحمد بمعناہ۔
یعنی آنحضرت ﷺ نے عید سے پہلے کوئی نماز نفل نہیں پڑھی جب آپ اپنے گھر واپس ہوئے تو آپ نے دو رکعتیں ادا فرمائیں۔
اس کو ابن ماجہ اور احمد نے بھی اس کے قریب قریب روایت کیا ہے۔
علامہ شوکانی ؒ فرماتے ہیں:
وَحَدِيثُ أَبِي سَعِيدٍ أَخْرَجَهُ أَيْضًا الْحَاكِمُ وَصَحَّحَهُ، وَحَسَّنَهُ الْحَافِظُ فِي الْفَتْحِ، وَفِي إسْنَادِهِ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ عَقِيلٍ وَفِيهِ مَقَالٌ. وَفِي الْبَابِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ عِنْدَ ابْنِ مَاجَهْ بِنَحْوِ حَدِيثِ ابْنِ عَبَّاسٍ الخز (نیل الأوطار)
یعنی ابو سعید والی حدیث کو حاکم نے بھی روایت کیا ہے اور اس کو صحیح بتلایا ہے اور حافظ ابن حجر نے فتح الباری میں اس کی تحسین کی ہے اور اس کی سند میں عبداللہ بن محمد بن عقیل ایک راوی ہے جن کے متعلق کچھ کہا گیا ہے اور اس مسئلہ میں عبد اللہ بن عمرو بن العاص کی بھی ایک روایت حضرت عبد اللہ بن عباس کی روایت کی مانند ہے۔
خلاصہ یہ کہ عیدگاہ میں صرف نماز عید اورخطبہ نیز دعا کرنا مسنون ہے عیدگاہ مزید نفل نماز پڑھنے کی جگہ نہیں ہے۔
یہ تو وہ مقام ہے جس کی حاضری ہی اللہ کو اس قدر محبوب ہے کہ وہ اپنے بندوں اور بندیوں کو میدان عید گاہ میں دیکھ کر اس قدر خوش ہوتا ہے کہ جملہ حالات جاننے کے باوجود اپنے فرشتوں سے پوچھتا ہے کہ یہ میرے بندے اور بندیاں آج یہاں کیوں جمع ہوئے ہیں؟ فرشتے کہتے ہیں کہ یہ تیرے مزدور ہیں جنہوں نے رمضان میں تیرا فرض ادا کیا ہے، تیرے رضا کے لیے روزے رکھے ہیں اور اب میدان میں تجھ سے مزدوری مانگنے آئے ہیں۔
اللہ فرماتا ہے کہ اے فرشتو!گواہ رہو میں نے ان کو بخش دیا اور ان کے روزوں کو قبول کیا اور ان کی دعاؤں کو بھی شرف قبولیت تا قیامت عطا کیا۔
پھر اللہ کی طرف سے ندا ہوتی ہے کہ میرے بندو! جاؤ اس حال میں کہ تم بخش دیئے گئے ہو۔
خلاصہ یہ کہ عیدگاہ میں بجزدوگانہ عید کے کوئی نماز نفل نہ پڑھی جائے یہی اسوہ حسنہ ہے اور اسی میں اجروثواب ہے۔
واللہ أعلم وعلمه أتم۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 989
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:964
964. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے عیدالفطر کے دن دو رکعت نماز پڑھی، اس سے پہلے اور اس کے بعد کوئی نماز ادا نہ کی، پھر عورتوں کی طرف تشریف لائے اور آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ تھے، عورتوں کو آپ نے صدقہ کرنے کا حکم دیا تو وہ خیرات ڈالنے لگیں، حتی کہ عورتیں اپنی بالیاں اور ہار تک ڈالنے لگیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:964]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث کے مطابق رسول اللہ ﷺ نے نماز عید پڑھنے کے بعد عورتوں کو صدقہ کرنے کا حکم دیا۔
آپ کا انہیں وعظ کرنا خطبۂ عید کا نتیجہ تھا جیسا کہ حدیث جابر ؓ میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے پہلے نماز پڑھی، پھر لوگوں کے سامنے خطبہ دیا۔
جب رسول اللہ ﷺ خطبے سے فارغ ہوئے تو اتر کر عورتوں کے پاس آئے اور انہیں نصیحت فرمائی۔
(صحیح البخاري، العیدین، حدیث: 961) (2)
یہ بھی ممکن ہے کہ امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو محض "فائدة جدیدة" کے طور پر ذکر کیا ہو، کیونکہ اس حدیث کا عیدین کی نماز سے گہرا تعلق ہے۔
(فتح الباري: 585/2)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 964
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:975
975. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: میں ایک دفعہ عیدالفطر یا عیدالاضحیٰ کے موقع پر نبی ﷺ کے ہمراہ نکلا، آپ نے نماز پڑھی، پھر خطبہ دیا، اس کے بعد آپ عورتوں کے پاس آئے اور وعظ و نصیحت فرمانے کے بعد انہیں صدقہ و خیرات کا حکم دیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:975]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں بچوں کے لیے نماز میں شرکت کا ذکر نہیں ہے لیکن امام بخاری ؒ نے اپنی عادت کے مطابق حدیث مذکور کے دوسرے طرق کی طرف اشارہ فرمایا ہے۔
اس روایت کے مطابق حضرت ابن عباس ؓ فرماتے ہیں کہ اگر چھوٹی عمر کے اعتبار سے رسول اللہ ﷺ کے ہاں میرا مقام و مرتبہ نہ ہوتا تو میں اس عظیم اجتماع میں کیونکر شرکت کر سکتا تھا۔
(صحیح البخاري، العیدین، حدیث: 977)
نیز خارجی قرائن سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابن عباس ؓ عید الفطر کے موقع پر رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ گئے تو اس وقت آپ کا بچپن ہی تھا کیونکہ رسول اللہ ﷺ کی وفات کے وقت ان کی عمر صرف 13 برس تھی۔
(عمدةالقاري: 195/5)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 975
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:977
977. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، ان سے پوچھا گیا: کیا آپ نبی ﷺ کے ہمراہ نماز عید میں شریک ہوئے ہیں؟ تو انہوں نے فرمایا: اگر میرا چھوٹے ہونے کی وجہ سے آپ ﷺ کے ہاں مرتبہ اور مقام نہ ہوتا تو میں عید کا مشاہدہ نہ کر سکتا، بہرحال آپ (نماز عید کے لیے) نکلے یہاں تک کہ اس نشان کے پاس آئے جو کثیر بن صلت کے گھر کے پاس تھا، نماز پڑھی، پھر خطبہ دیا، اس کے بعد آپ عورتوں کے پاس تشریف لائے، آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ بھی تھے، آپ نے ان عورتوں کو وعظ و نصیحت فرمائی اور صدقے کا حکم دیا، چنانچہ میں نے عورتوں کو دیکھا کہ وہ اپنے ہاتھ جھکا کر اپنے زیورات حضرت بلال ؓ کے کپڑے میں ڈالتی تھیں۔ اس کے بعد آپ ﷺ اور حضرت بلال ؓ اپنے گھر کی طرف روانہ ہو گئے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:977]
حدیث حاشیہ:
(1)
اگر عید گاہ کی چار دیواری وغیرہ نہ ہو تو اس کی شناخت کے لیے کسی قسم کی علامت مقرر کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔
اگرچہ جو ”نشان“ کثیر بن صلت کی حویلی کے پاس تھا وہ رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں نہ تھا لیکن امام بخاری ؒ نے حدیث کے ظاہری الفاظ سے عنوان کو ثابت کیا ہے۔
آپ نے اس تحقیق کو ضروری خیال نہیں کیا کہ وہ نشان عہد نبوی میں موجود تھا یا نہیں۔
(2)
واضح رہے کہ کثیر بن صلت کے گھر کے پاس ایک اونچا سا نشان تھا جس سے اس جگہ کی پہچان ہوتی تھی اور ان کا گھر عیدگاہ کے قبلے کی طرف تھا جو انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک کے کافی عرصہ بعد تعمیر کیا تھا۔
اس دور میں اس کی کافی شہرت ہو چکی تھی، اس لیے عیدگاہ کا تعارف ان کے گھر کے پاس ہونے سے کرایا جاتا تھا۔
اس کا نام قلیل بن صلت تھا، حضرت عمر ؓ نے اس کا نام کثیر رکھا۔
اس نے مروان بن حکم کے لیے کچھ اینٹوں اور مٹی سے وہاں ایک منبر بھی تعمیر کیا تھا۔
(فتح الباري: 579/2)
حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ چونکہ مجاہد قسم کے آدمی تھے، اس لیے انہوں نے شرح تراجم بخاری میں اپنے مزاج کے مطابق اس حدیث کی تشریح کی ہے، فرماتے ہیں:
صحیح روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں عیدگاہ کے اندر کوئی جھنڈا وغیرہ نصب نہیں تھا، اس لیے حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جہاں ہمارے زمانے میں جھنڈا گاڑا جاتا ہے، وہاں رسول اللہ ﷺ نماز عید پڑھا کرتے تھے۔
چونکہ ظاہر حدیث سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں وہاں جھنڈا نصب ہوتا تھا، اس لیے مصنف (امام بخاری رحمہ اللہ)
نے انہی الفاظ سے عنوان قائم کیا ہے۔
میرے نزدیک واضح بات یہ ہے کہ مصنف عیدگاہ میں جھنڈا نصب کرنے کا جواز ثابت کرنا چاہتے ہیں۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 977
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:989
989. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ عیدالفطر کے دن باہر تشریف لے گئے۔ ہاں دو رکعت نماز عید پڑھی لیکن اس سے پہلے اور اس کے بعد کچھ نہیں پڑھا۔ آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:989]
حدیث حاشیہ:
(1)
عیدگاہ میں نماز عید سے پہلے اور نماز عید کے بعد نوافل پڑھنے مکروہ ہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ سے عیدگاہ میں نوافل پڑھنا ثابت نہیں، البتہ گھر آ کر وہ نفل پڑھنا رسول اللہ ﷺ سے ثابت ہے جیسا کہ حضرت ابو سعید ؓ کا بیان ہے کہ رسول اللہ ﷺ نماز عید سے پہلے نوافل نہیں پڑھتے تھے، جب گھر واپس آ جاتے تو دو رکعت ادا کرتے۔
(سنن ابن ماجة، إقامةالصلوات، حدیث: 1293)
حاصل کلام یہ ہے کہ نماز عید سے پہلے اور نماز عید کے بعد اس کی کوئی سنتیں ثابت نہیں ہیں۔
(فتح الباري: 614/2) (2)
عیدگاہ میں صرف تین کام مشروع ہیں:
٭ نماز عید ٭ خطبۂ عید ٭ دعائے خیر۔
اسوۂ رسول ﷺ یہی ہے اور اس پر عمل کرنے میں اجروثواب کی امید کی جا سکتی ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 989
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1431
1431. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا:نبی کریم ﷺ عیدکے دن باہر تشریف لائے دو رکعت نماز پڑھائی جبکہ اس کے پہلے اور بعد کوئی نماز نہ پڑھی، پھر آپ نے عورتوں کی طرف توجہ دلائی، حضرت بلال ؓ آپ کے ہمراہ تھے، چنانچہ آپ نے عورتوں کو وعظ ونصیحت فرمائی اورانھیں صدقہ دینے کا حکم دیا تو عورتوں نے اپنے کنگن اور بالیاں (حضرت بلال ؓ کے کپڑے میں) ڈالنی شروع کردیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1431]
حدیث حاشیہ:
(1)
رسول اللہ ﷺ نے وعظ و نصیحت کے ذریعے سے صدقہ و خیرات کرنے کی رغبت دلائی اور انہیں اس پر آمادہ کیا، پھر انہیں صدقہ کرنے کا حکم دیا۔
(2)
اس سے سفارش کرنے کا مفہوم بھی معلوم ہوتا ہے۔
(3)
اس حدیث میں صدقہ و خیرات کی اہمیت کا اشارہ بھی موجود ہے۔
قرآن مجید میں متعدد مقامات پر انفاق فی سبیل اللہ کے متعلق ترغیبات موجود ہیں۔
ترغیب اور سفارش سے محتاج کے دل کو تسلی ہو جاتی ہے، نیز سفارش ہمیشہ اچھے کام میں ہوتی ہے اور بعض اوقات ترغیب میں سفارش کا پہلو نہیں ہوتا۔
(فتح الباري: 378/3)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1431
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1449
1449. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا:میں رسول اللہ ﷺ کے متعلق گواہی دیتا ہوں کہ یقیناً آپ نے خطبہ عید سے پہلے نماز عید پڑھی اور آپ کو خیال ہواکہ میں عورتوں کو وعظ نہیں سنا سکا ہوں، اس لیے آپ عورتوں کے پاس تشریف لائے اور آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ اپنا کپڑا پھیلائے ہوئے تھے، چنانچہ آپ نے عورتوں کو وعظ فرمایا اور انھیں صدقہ کرنے کا حکم دیا تو عورتیں (اپنےہار وغیرہ) ڈالنے لگیں۔ یہ حدیث بیان کرتے وقت ایوب راوی نے اپنے کان اور گلے کی طرف اشارہ کیا، یعنی بالیاں اور ہار بطور صدقہ دینے لگیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1449]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری ؒ کا یہ طرز استدلال ہے کہ وہ عمومات اور اطلاقات سے بہت فائدہ اٹھاتے ہیں، چنانچہ اس حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے انہیں صدقہ کرنے کا حکم دیا تو انہوں نے صدقے میں ایسے زیورات پیش کیے جو سونے اور چاندی کے علاوہ مونگوں سے تیار شدہ خشبوئی ہار بھی تھے۔
جن میں زکاۃ واجب نہیں ہوتی۔
(2)
اس سے معلوم ہوا کہ زکاۃ میں ایسی اشیاء دی جا سکتی ہیں جو سونے چاندی سے تیار شدہ نہ ہوں، لیکن رسول اللہ ﷺ نے عید کے بعد خواتین اسلام کو فرض زکاۃ و صدقے کا حکم نہیں دیا تھا، بلکہ یہ ایک نفلی خیرات تھی جسے انہوں نے حسب توفیق ادا کر دیا، البتہ امام بخاری ؒ کا موقف ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے عام صدقے کا حکم دیا تھا جو اپنے عموم کے اعتبار سے فرض اور نفل دونوں اقسام کو شامل تھا، اس لیے فرض زکاۃ میں بھی قیمت ادا کی جا سکتی ہے۔
ہمارے نزدیک صارفین کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔
اس مجبوری کے پیش نظر زکاۃ میں کپڑے، سامان یا قیمت ادا کی جا سکتی ہے۔
واللہ أعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1449
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5249
5249. سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ان سے کسی آدمی نے پوچھا: کیا تم عید الاضحیٰ یا عید الفطر کے موقع پر رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں اور اگر میرا مقام و مرتبہ آپ ﷺ کے ہاں نہ ہوتا تو میں اپنی صغر سنی کی وجہ سے ایسے موقع پر حاضر نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ باہر تسریف لے گئے، لوگوں کو نماز عید پڑھائی اور خطبہ دیا۔ انہوں نے اس نماز کے لیے اذان و اقامت کا ذکر نہیں کیا۔ پھر آپ عورتوں کے پاس آئے انہیں وعظ و نصحیت فرمائی، نیز انہیں صدقہ و خیرات کرنے کا حکم دیا۔ میں نے ان کو دیکھا کہ وہ اپنے کانوں اور گلے کی طرف ہاتھ بڑھا رہی تھیں۔ اپنے زیورات سیدنا بلال کے حوالے کر رہی تھیں۔ اس کے بعد آپ ﷺ اور سیدنا بلال ؓ دونوں اپنے گھر واپس تشریف لے آئے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5249]
حدیث حاشیہ:
(1)
عنوان کا مطلب یہ ہے کہ جو بچے ابھی سن بلوغت کو نہیں پہنچے وہ عورتوں کے پاس جا سکتے ہیں اور انھیں دیکھ سکتے ہیں، ان سے پردہ کرنے کی ضرورت نہیں، چنانچہ اس حدیث میں ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے عورتوں کو اپنے زیورات کی طرف ہاتھ بڑھاتے دیکھا، یعنی عورتوں نے اپنے ہار اور اپنی بالیاں اتار کر حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے حوالے کر دیں۔
مقصد یہ ہے کہ اس موقع پر جو کچھ عورتوں سے رونما ہوا اس کا حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے مشاہدہ کیا کیونکہ وہ کمسن تھے اور وہ ان سے پردہ نہ کرتی تھیں۔
(2)
ممکن ہے کہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ سے انھوں نے پردہ کیا ہو۔
زیورات ان کے حوالے کرنے کا مطلب بے پردہ ہونا نہیں ہے۔
بہرحال امام بخاری رحمہ اللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کے مشاہدے سے عنوان ثابت کیا ہے۔
والله اعلم
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5249
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5883
5883. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے عید کے روز دو رکعت پڑھائیں۔ آپ نے ان سے پہلےیا بعد کوئی نفل نماز ادا نہیں کی۔ پھر آپ عورتوں کی طرف تشریف لے گئے۔ آپ کے ہمراہ حضرت بلال ؓ بھی تھے آپ ﷺ نے انہیں (عورتوں کو) صدقہ کرنے کا حکم دیا تو وہ اپنی بالیاں بلال ؓ کی جھولی میں ڈالنے لگیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5883]
حدیث حاشیہ:
(1)
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید الفطر کے موقع پر عورتوں کے مجمع کی طرف گئے اور انہیں سورۃ الممتحنہ کی آیت: 12 پڑھ کر سنائی، پھر آپ نے فرمایا:
”تم اس عہدوپیمان پر قائم ہو؟“ ایک عورت نے تمام کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے کہا:
اللہ کے رسول! ہاں، ہم اس پر قائم ہیں۔
پھر آپ نے انہیں صدقہ کرنے کا حکم دیا۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4895) (2)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ عورتیں بالیاں اور کانٹے وغیرہ کانوں میں پہن سکتی ہیں۔
اس حدیث سے بعض اہل علم نے عورتوں کے کانوں میں زیورات پہننے کے لیے سوراخ کرنا بھی ثابت کیا ہے لیکن حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اسے محل نظر قرار دیا ہے۔
(فتح الباري: 408/10)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5883
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7325
7325. سیدنا ابن عباس ؓ سے روایت ہے ان سے پوچھا گیا: تم نبی ﷺ کے ہمراہ عید میں حاضر تھے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں میں اس وقت کم سن تھا۔ اگر آپ ﷺ کا تعلق دار نہ ہوتا تو بچپن کے باعث حاضر نہ ہوسکتا۔ آپ ﷺ گھر سے نکل کر اس نشان کے پاس آئے جو کثیر بن صلت کے مکان کے پاس ہے۔ وہاں آپ نے نماز عید پڑھائی پھر خطبہ دیا۔۔۔۔۔ انہوں نے اذان اور اقامت کا ذکر نہیں کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔پھر آپ نے صدقہ دینے کا حکم دیا تو عورتیں اپنے کانوں اور گریبانوں کی طرف ہاتھ بڑھانے لگیں۔ آپ ﷺ نے سیدنا بلال ؓ کو حکم دیا کہ وہ عورتوں کے پاس آئے۔ پھر وہ (ان سے صدقات لے کر) نبی ﷺ کے پاس واپس چلے گئے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7325]
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث میں عید گاہ کاذکر ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس نشان کے پاس آئے جہاں آج کثیر بن صلت کا مکان ہے۔
وہ گھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد بنایا گیا تھا اور شہرت کیوجہ سے اس کی طرف منسوب ہوگیا۔
2۔
اس حدیث میں دور صحابہ کے چھوٹے بچوں کی فضیلت بیان ہوئی ہے کہ وہ بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے براہ راست علم حاصل کرتے تھے۔
یہ مرتبہ دوسرے شہر میں رہنے والوں کو نصیب نہیں تھا۔
لیکن اس حدیث سے اجماع اہل مدینہ کی حجیت ثابت کرنا محل نظر ہے، زیادہ سے زیادہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ اختلاف کے وقت اہل مدینہ کے عمل اور اجماع کو وزنی قراردیا جائے۔
واللہ أعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7325