صحيح البخاري
كِتَاب مَنَاقِبِ الْأَنْصَارِ
کتاب: انصار کے مناقب
45. بَابُ هِجْرَةُ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَصْحَابِهِ إِلَى الْمَدِينَةِ:
باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام کا مدینہ کی طرف ہجرت کرنا۔
حدیث نمبر: 3903
حَدَّثَنِي مَطَرُ بْنُ الْفَضْلِ، حَدَّثَنَا رَوْحُ بْنُ عُبَادَةَ، حَدَّثَنَا زَكَرِيَّاءُ بْنُ إِسْحَاقَ، حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ دِينَارٍ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ، قَالَ:" مَكَثَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِمَكَّةَ ثَلَاثَ عَشْرَةَ , وَتُوُفِّيَ وَهُوَ ابْنُ ثَلَاثٍ وَسِتِّينَ".
مجھ سے مطر بن فضل نے بیان کیا، کہا ہم سے روح بن عبادہ نے بیان کیا، کہا ہم سے زکریا بن اسحاق نے بیان کیا، ان سے عمرو بن دینار نے اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت کے بعد مکہ میں تیرہ سال قیام کیا اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی تو آپ کی عمر تریسٹھ سال کی تھی۔
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 3903 کے فوائد و مسائل
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3903
حدیث حاشیہ:
حضرت ابن عباس ؓ سے جب ان کے شاگرد عمار بن ابی عمار بیان کرتے ہیں توان کے الفاظ یہ ہیں:
”رسول اللہ ﷺ نے مکہ مکرمہ میں وحی نازل ہونے کے بعد پندرہ برس اقامت فرمائی ان میں سے سات سال تک آپ روشنی اور نوردیکھتے رہے،نیز غائبانہ آواز سنتے رہے، پھر آٹھ برس مسلسل وحی کا سلسلہ جاری رہا۔
“ (صحیح مسلم، الفضائل، حدیث: 6401(2353)
لیکن صحیح بات یہ ہے کہ آپ نبوت ملنے کے بعد تیرہ سال تک مکہ مکرمہ رہے، پھر آپ کو ہجرت کا حکم ہوا تو دس سال مدینہ طیبہ میں قیام فرمایا جیسا کہ صحیح بخاری میں ہے۔
(فتح الباري: 287/7)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3903