مختصر صحيح بخاري
فضیلتوں کا بیان
اسلام میں نبوت (پیغمبری) کی نشانیوں کا بیان۔
حدیث نمبر: 1509
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ثابت بن قیس (رضی اللہ عنہ) کو گم پایا (وہ حاضر نہ تھے) ایک آدمی نے کہا کہ یا رسول اللہ! میں اس کی خبر لاتا ہوں، وہ گیا تو دیکھا کہ ثابت رضی اللہ عنہ اپنے گھر میں (غم سے) سر جھکائے بیٹھے ہیں۔ اس نے پوچھا کیا حال ہے؟ ثابت نے کہا کہ برا حال ہے، وہ اپنی آواز نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز سے بلند کرتے تھے، تو ان کے تمام اعمال مٹ گئے اور وہ اہل دوزخ میں سے ہے۔ وہ آدمی واپس گیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بتایا کہ وہ اس اس طرح کہتے ہیں۔ (راوی موسیٰ بن انس) کہتے ہیں کہ پھر وہ آدمی دوبارہ (ثابت رضی اللہ عنہ کے پاس) یہ عظیم خوشخبری لے کر گیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کہا ہے: ”تو اس (ثابت) کے پاس جا اور کہہ کہ تو اہل دوزخ میں سے نہیں بلکہ اہل جنت میں ہے۔“