مختصر صحيح بخاري
کاشتکاری کا بیان
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب ایک دوسرے کو کھیتی اور پھلوں میں شریک کر لیا کرتے تھے۔
حدیث نمبر: 1085
(نافع رحمۃ اللہ علیہ سے روایت ہے کہ) سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا ابوبکر و عمر و عثمان رضی اللہ عنہما کے دور میں اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی شروع امارت میں اپنے کھیت کرایہ پر دیا کرتے تھے۔ اس کے بعد ان سے سیدنا رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ کی روایت بیان کی گئی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کھیتیوں کو کرایہ پر دینے سے منع فرمایا ہے تو سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سیدنا رافع رضی اللہ عنہ کے پاس گئے اور میں (نافع) بھی ان کے ساتھ گیا۔ پس سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے ان سے پوچھا تو انھوں نے بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کھیتوں کو کرایہ پر دینے سے منع فرمایا ہے۔ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا کہ تم جانتے ہو کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں اپنے کھیت چوتھائی پیداوار پر کسی قدر بھوسہ پر کرایہ پر دیتے تھے۔